کراچی: امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ غزہ میں حماس کے مجاہدین نے ایمان کی دولت کے ساتھ اسرائیل کا مقابلہ کیا اور آج تک ڈٹے ہوئے ہیں۔حماس کے مجاہدین جنگ میں کامیاب ہوگئے ہیں۔کامیابی کو آخری نتیجے تک پہنچانے کے لیے ہمیں بہت کچھ کرنا ہوگا۔
اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے زیراہتمام 2روزہ مسئلہ فلسطین پر انٹرنیشنل یوتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ امت مسلمہ کا مستقبل روشن ہے، اللہ کا مسلمانوں سے کیا ہوا وعدہ ضرور پورا ہوگا،دنیا میں آنے والا وقت امت کا ہے۔ہمیں صبر و استقامت کے ساتھ ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ ہم دشمنوں کا مقابلہ ہر محاذ پر کریں گے، اسلامی جمعیت طلبہ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے امت مسلمہ کے نوجوانوں کو اتحادو اتفاق کا پیغام دیا،جو کام او آئی سی اور حکومت پاکستان کو کرنا چاہیئے تھا وہ طلبہ تنظیم جمعیت نے کیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ تحریکی بھائی جانتے ہیں کہ پاکستان خاص رنگ و نسل سے وابستہ لوگوں کا ملک نہیں ہے، پاکستان کلمہ کی بنیاد پر وجود آیا۔پاکستان کو بنانے کے لیے لاکھوں انسانوں نے اپنی جانیں قربان کیں، پاکستان عالم اسلام کی تحریکوں کا گھر ہے۔ملکی حالات بہتر ہیں اب ہم بیرون ملک تحریکی بھائیوں سے رابطے میں رہیں گے اور دعوت دیتے رہیں گے۔مسلمان ایک جسد واحد کی مانند ہیں۔اسلحے کے مقابلے میں ایمان کی دولت آج بھی آگے ہے۔
Comments are closed.