مقبوضہ بیت المقدس: فلسطینی تحریک مزاحمت حماس کی جانب سے 24 یرغمالیوں کو رہا کیے جانے کے بعد اسرائیلی جیلوں میں قید کیے گئے 39 فلسطینیوں کو بھی آزاد کردیا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق حماس اور اسرائیل کے مابین طے پائے گئے عارضی جنگ بندی معاہدے کے تحت آج قیدیوں کے تبادلے کے پہلے مرحلے پر عمل کیا گیا ہے۔ 4 روزہ عارضی جنگ بندی کا آغاز جمعہ کے روز صبح 7 بجے ہوا جو منگل کی صبح 7 بجے تک جاری رہے گا۔
ترجمان القسام بریگیڈ ابوعبیدہ کے مطابق رہا کیے گئے 24 یرغمالیوں میں تھائی لینڈ کے 10 اور فلپائن کا ایک شہری بھی شامل ہے جب کہ 13 یرغمالی اسرائیلی ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق حماس کی جانب سے رہا کیے گئے افراد کو ریڈ کراس کے حوالے کیا گیا، جس کے بعد انہیں رفح گزر گاہ کے ذریعے مصر لے جایا گیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے بھی حماس کی جانب سے یرغمالیوں کو رہا کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ رہا کیے گئے افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے شنائیڈر اسپتال منتقل کیا جائے گا۔
دوسری جانب قابض صہیونی فوج نے بھی 39 فلسطینی قیدی خواتین و بچوں کو رہا کردیا گیا ہے۔ فلسطینی قیدیوں کو اسرائیل کی مختلف جیلوں سے عوفر جیل منتقل کیا گیا جہاں سے 24 فلسطینی خواتین اور 15 بچوں کو اسرائیلی حکام رہا کرتے ہوئے ریڈ کراس کے حوالے کیا۔
رہا ہونے والے فلسطینی قیدیوں کا تعلق مقبوضہ بیت المقدس اور مقبوضہ مغربی کنارے سے ہے۔ قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے اسرائیل کی جانب سے 39 فلسطینی خواتین اور بچوں کی رہائی کی تصدیق کی ہے۔
Comments are closed.