غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان 4 روزہ جنگ بندی کا آغاز ہو گیا۔
غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت 4 روزہ جنگ بندی کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیل اور حماس کے مابین غزہ میں چار روزہ جنگ بندی کا آغاز جمعہ کی صبح 7 بجے سے شروع ہوا۔ رفح کراسنگ سے ایندھن کے 2 اور گیس کا ایک ٹینکر غزہ میں داخل ہوگیا جبکہ غزہ کے جنوبی علاقوں سے اسرائیلی فوجی طیاروں کی پروازیں بند ہو گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان 4 روزہ عارضی جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیلی جیلوں میں قید 150 فلسطینیوں کو رہا کیا جائے گا جبکہ مزاحمتی تنظیم 50 صہیونیوں کو رہا کرے گی اور غزہ میں روزانہ کی بنیاد پر امدادی سامان کے 200 ٹرکوں کو داخلے کی اجازت ہو گی۔
دونوں جانب سے خواتین اور 18 سال سے کم عمر افراد کو رہا کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق غزہ میں ہر روز 130,000 لیٹر ڈیزل ، گیس کے چار اور 200 امدادی ٹرک داخل ہوں گے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے دوران بھی غزہ کے الشفا اسپتال میں آپریشن جاری رکھیں گے اور حماس کی سرنگوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیلی بمباری میں اب تک 14 ہزار 850 سے زائد فلسیطنی شہید اور 7ہزار فلسطینی لاپتہ ہیں جبکہ 36 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔
Comments are closed.