کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کے تحت اتوار20مارچ کو مزار قائد سے شروع ہونے والا تاریخی حقوق کراچی کارواں ساڑھے تین کروڑ عوام کا حقیقی ترجمان ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ کراچی سمیت سندھ بھر کی امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے اسے بہتر کرنے کے لیے سندھ حکومت اور متعلقہ ادارے توجہ دیں،ملکی سطح پر عدم اعتماد کی تحریک کے نتیجے میں ایک سیاسی بھونچال ہے لیکن اصل مسائل کی طرف کسی کی توجہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ کارواں لسبیلہ، گلبہار، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، ناگن چورنگی،پاور ہاؤس چورنگی، K-4چورنگی، سندھی ہوٹل، شفیق موڑ، سہراب گوٹھ اور فیڈرل بی ایریا سے ہوتا ہواسپر مارکیٹ لیاقت آباد پرختم ہوگا،کارواں کاجگہ جگہ شاندار استقبال ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ عدم اعتماد کی تحریک کی وجہ سے شہریوں میں پھر سے مایوسی پھیلنے لگی ہے،ایم کیو ایم 35سال سے کراچی کے عوام کا استحصال کررہی ہے، ایم کیو ایم نے ہمیشہ عوامی مینڈیٹ کا سودا کیا۔اس کاایجنڈا کراچی کے مسائل نہیں بلکہ وزارتیں حاصل کرنا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے کوٹہ سسٹم کے خاتمے کے لیے نہ صرف یہ کہ کوئی بات نہیں کی بلکہ اس نے پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر اس میں غیر معینہ مدت تک اضافہ کر وایا اور 2017میں نواز لیگ کے دور میں ہونے والی جعلی مردم شماری جس میں کراچی کی آدھی آبادی کو غائب کر دیا گیا تھا اس کی حتمی منظوری دلوائی۔
انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر انسانوں کی منڈی اور خرید وفروخت کا بازار لگایا ہواہے،ایم این ایز اور ایم پی ایز چوکوں اور چوراہوں پر بیٹھے اپنی بولیاں لگاوا رہے ہیں، جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو موجودہ سیاسی بھونچال میں عوامی حقوق کی جدو جہد کر رہی ہے،کراچی سے مینڈیٹ لینے والی پارٹیاں ذاتی مفادات اور گھناؤنی سیاست کے سوا کچھ نہیں کر رہی،کراچی میں بڑھتی ہوئے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے خلاف سوائے جماعت اسلامی کے کسی نے آواز نہیں اٹھائی۔
Comments are closed.