لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے رواں ماہ دسمبر ہی میں اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ جنرل (ر) باجوہ کہتے تھے اگلی بار ن لیگ آرہی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کا جو فیصلہ کیا اُس پر عمل کریں گے، اس حوالے سے پارٹی میں مشاورت جاری ہے جس میں آئینی اور قانونی نکات کو بھی دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جیسے ہی اسمبلیاں تحلیل ہوں گی تو 48 گھنٹے کے بعد نگراں سیٹ اپ آجائے گا۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھ اکہ پرویز الہی کا خیال ہے اسمبلیاں کچھ دیر اور چلنی چاہیے مگر وزیراعلیٰ پنجاب نے اسمبلی تحلیل کے فیصلے کا حتمی اختیار مجھے دے دیا ہے اور ہم نے دسمبر میں ہی انہیں تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عمران خان نے واضح کیا کہ آئند انتخابات کے بعد پرویز الہیٰ کو وزیراعلیٰ بنانے کی کوئی بات نہیں ہوئی۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ‘‘جنرل (ر) باجوہ کہتے تھے کہ اگلی بار ن لیگ آرہی ہے اور کوئی پی ٹی آئی کا ٹکٹ نہیں لے گا، یہ خود کو غیر سیاسی کہہ کر پھر سیاسی بن جاتے ہیں’’۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ ‘‘جنرل باجوہ علیم خان کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کا کہتے رہے، اُن کا بزدار کو ہٹانے کا مطالبہ عجیب تھا جبکہ ایل ڈے اے نے بتایا تھا کہ علیم خان نے اربوں روپے مالیت کی اراضی پر قبضے کیے ہوئے ہیں اور پرویز الہیٰ نے بھی کہا تھا کہ وہ علیم خان کو وزیراعلیٰ پنجاب کیلیے ووٹ نہیں دیں گے’’۔
Comments are closed.