امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ گورنر اور وزیر اعلی ہاؤس میں ہماری تقدیر کے فیصلے ہوتے ہیں،آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان گورنر ہاؤس پر کیا جائے گا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ نور حق میں ”حقوق کراچی تحریک“ کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتور 28فروری کو ”حق دو کراچی تحریک“ کے سلسلے میں نیو ایم اے جناح روڈ پر ایک بڑا مظاہرہ کیا جائے گا جب کہ حقوق کراچی تحریک کے مطالبات کی منظوری کیلیے اتوار 14مارچ کو قائد آباد سے گورنر ہاؤس تک ریلی نکالی جائے گی۔
حافظ نعیم نے کہا کہ جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک جاری ہے، شہریوں کو جائز اور قانونی حق دلانے کیلئے جدو جہد جاری رہے گی،حقوق کراچی تحریک“کے سلسلے میں تاجر، صنعت کار، وکلا ء، علما ء، ڈاکٹرز،انجینئرز اور مزدور سمیت تمام شعبہ زندگی سے وابستہ افراد سے رابطہ کیا جائے گا،مہنگائی ایک بڑا مسئلہ ہے،وفاق نے تیل اور گھی کی قیمتوں میں بھی بے تحاشہ اضافہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی بہت جلد نوجوانوں کے درمیان سوشل میڈیا پرشہر کے مسائل اٹھانے کے حوالے سے مقابلے کا انعقاد کرے گی،وفاقی اور صوبائی حکومت نے تعلیم کو تجارت بنا دیا ہے، 4سالہ ڈگری پروگرام سے عام اور متوسط طبقہ متاثر ہوگا، طلبہ کو اسکالرشپ دی جائے اردو یونیورسٹی اور کراچی یونیورسٹی میں کافی اسامیاں خالی ہیں، جس کی وجہ سے تعلیم نظام متاثر ہورہا ہے، جماعت اسلامی بہت جلد تعلیم کے حوالے سے وائٹ پیپر جاری کرے گی۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو ان کا جائز اور قانونی حق دینے اور مسائل کے حل کیلئے کراچی میں دو بارہ مردم شماری کرائی جائے، با اختیار شہری حکومت کیلیے موجودہ لوکل باڈی ایکٹ ختم کر کے فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کا اعلان کیا جائے، کے الیکٹرک کا 15سال کا فارنزک آڈٹ کیا جائے اور قومی اداروں اور عوام کے اربوں روپے واپس کروائے جائیں، جعلی ڈومیسائل پر سرکاری ملازمتوں میں من پسند افراد اور نااہل لوگوں کو سیاسی بنیادوں پر بھرتی کیا جا رہا ہے وفاقی حکومت نے گرین لائن منصوبے پر پانچ سالوں میں 50فیصد بھی کام نہیں کیا، منصوبہ جلد مکمل کیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پی ٹی آئی،پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے کراچی کے مفادات کے خلاف اتحاد کیا ہوا ہے، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم نے کوٹہ سسٹم میں غیر معینہ مدت تک اضافہ کرکے اور جعلی متنازعہ مردم شماری کی وفاقی کابینہ میں منظوری دے کر کراچی دشمنی کی انتہا کر دی، اتور 28فروری کو ”حق دو کراچی تحریک“ کے سلسلے میں نیو ایم اے جناح روڈ پر ایک بڑا مظاہرہ کیا جائے گا۔
Comments are closed.