پیر 17؍صفر المظفر 1445ھ4؍ستمبر 2023ء

جماعت اسلامی کا گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنے  اور توانائی سیکٹر پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان

happiness

لاہور:امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے بجلی بلوں میں اضافہ واپس نہ لینے کے حکومتی فیصلہ کے خلاف گورنرہاؤسز کے باہر دھرنوں کا اعلان کیا ہے جبکہ بجلی بلوں، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اور ہوش ربا مہنگائی کے خلاف احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے میں ملک گیر پہیہ جام ہوگا۔

منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے تحت جماعت اسلامی آئی پی پیز معاہدوں کی تفصیلات حاصل کرکے انہیں سپریم کورٹ میں چیلنج کرے گی اور توانائی سیکٹر پر وائٹ پیپر جاری کیا جائے گا۔

 انہوں نے ہفتہ کی ملک گیر کامیاب ہڑتال پر تاجرتنظیموں، علما، وکلا، مزدور یونینز، ٹرانسپورٹرز، دیگر طبقہ ہائے فکر اور پوری قوم کا شکریہ ادا  کرتے ہوئے  نگران حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کی آواز سنے اور سابقہ حکومتوں کے فیصلوں کو آگے نہ بڑھائے۔

 ان کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم آئی ایم ایف کی بجائے عوام کے مفادات کے ترجمان بنیں، نگران حکومت الیکشن کروا کے اقتدار منتخب نمائندوں کے سپرد کرے، نگران وزیراعظم کا مہنگائی سے متعلق بیان عوام کے زخموں پر نمک پاشی ہے۔

 سراج الحق نے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی طرف سے آئی پی پیز سے معاہدوں کو قومی مفادات کے خلاف قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان مہنگے معاہدوں پر فوری نظرثانی کی جائے۔

 انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز معاہدے عوام کو پن بجلی، شمسی توانائی اور دیگر سستے ذرائع سے محروم رکھنے کی سازش تھے جن کا سو فیصد فائدہ حکمران اشرافیہ اور سو فیصد نقصان عوام کو ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کل کی ہڑتال سے حکومت کو معاہدوں پرنظرثانی کا جواز بھی مل گیا ہے، تمام کمپنیوں سے کہا جاسکتا ہے کہ عوام ان معاہدوں کو تسلیم نہیں کرتے۔

You might also like

Comments are closed.