بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

جماعت اسلامی کا سراج الحق کی قیادت میں 5مارچ کو فیصل آباد میں دھرنے کا اعلان

فیصل آباد: جماعت اسلامی نے5مارچ کو سراج الحق کی قیادت میں مہنگائی ،بے روزگاری،سٹیٹ بنک کو آئی ایم ایف کے حوالے کرنے کے خلاف فیصل آباد میں بڑے دھرنے کا اعلان کردیاہے۔

اس امرکااعلان جماعت اسلامی کے صوبائی امیرجاویدقصوری نے فیصل آباد میں ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں صوبائی نائب امیرسردارظفرحسین،ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ،امیرجڑانوالہ راناعبدالوحید ،امیرتاندلیانوالہ پیرمدثر چشتی ، عظیم رندھاوا اوراکرم کھرل بھی موجود تھے ۔جاویدقصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میںملک بھر میں 101دھرنے دے گی۔

جماعت اسلامی کی دھرنوں کی تحریک اسلام آباد میں فیصلہ کن دھرنے پر اختتام پذیر ہوگی۔ اس حکومت کو گھر پہنچانے ،ایوانوں سے نکالنے اور ملک میں عدل وانصاف قائم کرنے کے لیے جماعت اسلامی بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے بانی پاکستان قائد اعظم کے سٹیٹ بنک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیاہے ۔سٹیٹ بنک کے صدرکو وائسرائے بنا دیا گیاہے ۔ہمار ے ملک کا صدر ،وزیراعظم اور قومی ادارے سٹیٹ بنک کے صدر کو کوئی حکم جاری نہیں کرسکتے ۔عمران خان نے ساڑھے تین سالوں میں جتنے اعلانات کئے سب جھوٹ نکلے۔

حکومت کو نیب ذدہ اور باہر سے درآمد شدہ مافیاز نے گھیر ا ہوا ہے ۔بے گھر لوگوں کوچھت مہیا کرنے کی بجائے لاکھوں افراد سے چھت کی سہولت چھین لی گئی ۔ایک کروڑ نوکریاں اور 50لاکھ گھروں کا وعدہ سبز باغ کے سوا کچھ بھی نہیں۔ زرعی ملک میں زراعت اور کسان تباہی کے دھانے پر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ کے کارئندے ہیں ان کے درمیان لڑائی صرف اقتدار کے فیڈرکو حاصل کرنے پر مرکوز ہیں، ایک دوسرے کو گھسیٹنے کی باتیں کرتے ہیں اور پھرایک دوسرے کے ساتھ کھڑے نظر آتے ہیں۔

پی ٹی آئی حکومت میں ایوانوں میں ملکی مفادات کے خلاف جو بھی قانون سازی ہوئی ہے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے حکومت سے بھرپورتعاون کیا ہے۔ تینوں جماعتوں نے آئی ایم ایف کی تابعداری کا وعدہ کیا ہوا ہے ۔

You might also like

Comments are closed.