کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن پیپلزپارٹی کے غیر قانونی و سیاسی ایڈمنسٹریٹر کوبرطرف کرے،24جولائی کو کراچی میں بلدیاتی انتخابات ہونے والے ہیں۔
ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 245کے تحت تمام پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور رینجرز کے عملہ کو تعینات کیا جائے،الیکشن کمیشن ووٹر لسٹوں کو درست کرے اور غیر جانب دار آر اوز کا تعین کرے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ جعلی بھرتیوں کی وجہ سے پولیس کا محکمہ بھی شکوک وشبہات پر مبنی ہے،سندھ حکومت پولنگ اسٹیشنز پرپرائیویٹ گارڈز کے ذریعے سے من پسند فیصلے حاصل کرنا چاہتی ہے،کراچی میں ملین کی تعداد میں خواتین ٹھیکداری نظام کے تحت کام کررہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے سوا کوئی بھی جماعت ان کے حقوق کے لیے آواز نہیں اٹھاتی،خواتین ملک کی باگ ڈوراور معاشرتی نظام میں اہم کردار ادا کرتی ہیں،جماعت اسلامی ٹھیکیداری نظام کے خاتمے کے لیے مئیر شپ کو استعمال کرے گی۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ 22 جولائی کو جماعت اسلامی کراچی میں عظیم الشان اور تاریخی ”حق دو کراچی مارچ“کریں گے، مارچ میں خوتین،بچے،بوڑھے،جوان اپنی فیملیز کے ہمراہ بھرپور شرکت کریں۔24 جولائی کو جماعت اسلامی کا مئیر آئے گا تو شہر کی تعمیر کے نئے سفر کا آغاز ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے مزید کہا کہ کراچی کے نوجوان جماعت اسلامی کی حق دو کراچی تحریک کا حصہ بنیں،افسوس کی بات ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر لسٹوں کی درستگی، پیپلزپارٹی کے غیر قانونی سیاسی ایڈمنسٹریٹر کی برطرفی اور غیر سیاسی آر اوز کا تقررکے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ حکومت کے علاوہ کوئی پارٹی بینرز لگانا چاہتی ہے اسے ہٹادیا جاتا ہے،حد تو یہ ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے اعلان کے بعد ترقیاتی کام کروانا غیر آئینی اور غیر قانونی ہے جس پر پیپلزپارٹی جھنڈے لگاکر نمائشی اقدامات کررہی ہے جس پر الیکشن کمیشن اور انتظامیہ پیپلزپارٹی کی آلہ کار بنی ہوئی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اور پیپلزپارٹی کے تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود ہر طبقہ فکر سے وابستہ افراد کی رائے بن چکی ہے کہ اب کراچی میں جماعت اسلامی کا ہی مئیر آنا چاہیئے،کراچی کے عوام جانتے ہیں کہ وہ جس پارٹی کو پسند کرتے ہیں ان کی ترجیحات میں کراچی نہیں ہوتا،کراچی کے تمام سپورٹرز بھی بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کوسپورٹ کرنے کو تیار ہیں۔
Comments are closed.