کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ ہم عوام کے حقوق کی جدوجہد وانتخابی مہم بھی جاری رکھیں گے اور اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی بھی کریں گے، فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے 14 جنوری کو شاہراہ فیصل پر دوپہر 3 بجے عظیم الشان و تاریخی ”غزہ ملین مارچ“ منعقد ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ کراچی کی مائیں، بہنیں اور بیٹیاں گھر گھر جاکر عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کریں، کراچی کے عوام 8فروری کو کراچی کی تعمیر و ترقی کے نشان صرف ترازو پر مہر لگائیں، جماعت اسلامی کے سوا دیا گیا ووٹ وڈیروں اور جاگیرداروں کے حق میں جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ اہل غزہ و فلسطین کے نہتے مسلمان اسرائیل کی جارحیت و دہشت گردی کا مقابلہ کررہے ہیں۔گزشتہ100 دنوں سے اسرائیل فلسطینی مسلمانوں پر بمباری کررہا ہے، امریکا اور برطانیہ سمیت عالم اسلام کے بے حمیت حکمران بھی اسرائیل کو تقویت دے رہے ہیں۔
امیر جما عت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہری ٹیکس دیتے ہیں تو ملک کی معیشت چلتی ہے۔پورے ملک میں کُل ٹیکس کا 42فیصد کراچی دیتاہے، قومی خزانے میں 67فیصدریونیو اور سندھ کا 98فیصد بجٹ کراچی فراہم کرتا ہے لیکن اس کے باوجود کراچی کے عوام کو ان کاجائز اور قانونی حق نہیں دیا جاتا۔
انہوں نے مزید کہاکہ ماضی میں حکمرانوں نے عوام کو لسانیت و عصبیت میں تقسیم کیا اور خود اپنے بنک بیلنس بڑھائے، پیپلز پارٹی نے تعلیم کی مد میں 312 ارب روپے کا بجٹ ہڑپ کرلیا لیکن سرکاری اسکولوں میں تعلیم نہیں دی۔آئی ٹی کی ڈگری حاصل کرنے کے لیے بھی ایک سمسٹر کی فیس ایک لاکھ سے زائد ہے۔کراچی کاواحد میڈیکل کالج جو بلدیہ کے تحت ہے،قبضہ میئر نے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی فیسوں میں 150فیصد اضافہ کردیا۔
Comments are closed.