اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک میں جب بھی آئین کی خلاف ورزی کی گئی، عدلیہ نے اس پر مہر لگائی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عدلیہ کا بنیادی کام انصاف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئین کا تقدس پامال نہیں ہونے دیں گے۔ جب بھی آئین کی خلاف ورزی کی گئی، عدلیہ نے اس پر مہر لگائی۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ملک میں دو آئینی ادارے آمنے سامنے آ چکے ہیں۔ سپریم کورٹ کی پارلیمنٹ میں غیر اخلاقی مداخلت روکی جائے۔ ہم عدلیہ کے خلاف نہیں مگر اداروں کو پارلیمان کے اختیار میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کی تشریح کرنے والوں میں تضاد سامنے آ رہے ہیں۔ عدلیہ کو ہماری اور ہمیں عدلیہ کی حدود میں داخل نہیں ہونا چاہیے۔ عدالت میں آج بھی بڑی تعداد میں مقدمات زیر التوا ہیں، 4 لاکھ سے زائد کیسز پینڈنگ ہیں،یہ ہماری عدلیہ کا حال ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ قرارداد کے ذریعے پورے ہاؤس کی ایک کمیٹی بنائی جائے جو یہ دیکھے کہ ماضی میں آئین کے ساتھ کیا ہوتا رہا۔جسٹس منیر سے لے کر آج تک جو کچھ ہوا اسکی تحقیقات ہونی چاہیے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ہم آئین بنانے والے ہیں، اپنی تخلیق کی کبھی خلاف ورزی کریں گے نہ کرنے دیں گے۔
Comments are closed.