جمعہ 17؍شعبان المعظم 1444ھ10؍مارچ 2023ء

تینوں نے پارلیمنٹ کو کھلونا بنایا، عدلیہ، الیکشن کمیشن اور نیب پر عوام کا اعتماد ختم ہو گیا، سراج الحق

defaulted

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی نے عوام سے من و سلویٰ کے وعدے کر کے ایک وقت کی دال روٹی تک چھین لی، حکمران ٹرائیکا کی ناکامی اور نااہلی پوری قوم پر عیاں ہو گئی، تینوں کا عرصہ اقتدار تعمیر کی بجائے تخریب میں صرف ہوا۔

منصورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ  آج معیشت دیوالیہ، ادارے کمزور اور ملک مہنگائی کے ساتھ ساتھ بدامنی کی لپیٹ میں بھی ہے، حالات کی ذمہ دار حکمران جماعتیں ہیں۔ تینوں نے پارلیمنٹ کو کھلونابنایا، آئین اور قانون کا مذاق اڑایا۔ آج عدلیہ، الیکشن کمیشن اور نیب پر عوام کا اعتماد ختم ہو گیا، اسٹیبلشمنٹ کے بارے میں ہر جلسے میں باتیں ہوتی ہیں، صرف عوام کا ادارہ بچا ہے جس سے فیصلہ لینا ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ   جماعت اسلامی کا موقف ہے کہ استحکام کی خاطر پورے ملک میں بیک وقت انتخابات ضروری ہیں، مرکز اور صوبہ کی اسمبلیاں قائم رہیں تودو صوبوں کے الیکشن پر اثر پڑے گا، اسی طرح انتخابات کے بعد دو صوبوں کی حکومتیں آئندہ نصف الیکشن پر اثرانداز ہو سکتی ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ قومی خزانہ بھی اس قابل نہیں کہ الگ الگ انتخابات کا بوجھ برداشت کر سکے، الیکشن کمیشن سے سوال ہے کہ بتایا جائے کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات مکمل کیوں نہیں کیے جاتے؟ کراچی کے شہری سوال کر رہے ہیں کہ کیا الیکشن کمیشن پر سندھ حکومت کا کوئی دباؤ ہے؟ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات سے قبل بھی دھاندلی کی، لیکن کراچی کے شہریوں نے بڑی تعداد میں جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، شہر کا میئر جماعت اسلامی کا ہو گا۔

 انھوں نے کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ، اس سے مذاق بند کیا جائے اور عوام بااختیار شہری حکومت قائم کی جائے۔سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم ، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی نے قوم کو آئی ایم ایف کا غلام بنایا، ان تینوں جماعتوں کی وجہ سے ملک کے فیصلے عالمی مالیاتی ادارے کے کلرک کرتے ہیں۔

امیر جماعت جمعہ 10مارچ کو کوئٹہ روانہ ہوں گے جہاں وہ ”گوادر کو حق دو” تحریک کے رہنما مولانا ہدایت الرحمن اور ان کے ساتھیوں کی رہائی اور گوادر کے مقامی رہایشیوں کے حقوق کے لیے صوبائی دارالحکومت میں احتجاجی دھرنا میں شرکت اور خطاب کریں گے۔

You might also like

Comments are closed.