جمعہ8؍ربیع الثانی 1444ھ 4؍نومبر 2022ء

توشہ خان ریفرنس میں نااہلی، عمران خان کو پارٹی سربراہی سے ہٹانے کی درخواست سماعت کیلئے منظور

لاہور: ہائی کورٹ نے توشہ خان ریفرنس میں نااہلی کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو پارٹی کی سربراہی سے ہٹانے کے لیے دائر درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی۔ 

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے دائر درخواست پر فیصلہ گزشتہ روز محفوظ کیا تھا، سابق وزیراعظم عمران خان کو پارٹی کی سربراہی سے ہٹانے کی درخواست پر جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے شہری محمد آفاق کی درخواست پر سماعت کی تھی۔ ایڈووکیٹ محمد آفاق ایڈووکیٹ کی جانب سے 2 نومبر کو 3 صفحات پر مشتمل درخواست دائر کی گئی تھی۔

 درخواست گزار نے مقف اپنایا تھا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نااہل کردیا ہے اور قانون کے مطابق نااہل شخص پارٹی چیئرمین کا عہدہ نہیں رکھ سکتا، نواز شریف کے معاملے میں عمران خان نے درخواست دائر کی تھی اور نواز شریف کو پارٹی صدارت سے ہٹایا گیا تھا۔

 عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-95 سے نااہل قرار دیا گیا تھا۔ 

انہوں نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان، تحریک انصاف کی سربراہی کرکے قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ عدالت عمران خان کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے عہدے سے ہٹائے اور الیکشن کمیشن کو تحریک انصاف کا نیا چیئرمین مقرر کرنے کا حکم دے۔ 

گزشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ جمعہ کو جاری کردیا گیا جس کے مطابق عمران خان کو چیرمین تحریک انصاف کے عہدے سے ہٹانے کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ نے اٹارنی جنرل اور ایڈوکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کر دیے۔ عدالت عالیہ نے نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 11 نومبر تک جواب طلب کر لیا ہے۔

You might also like

Comments are closed.