اسلام آباد:چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے اپنے خلاف اسلام آباد کی مقامی عدالت میں جاری توشہ خانہ کیس کا ٹرائل رکوانے کے لئے سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کرلیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس میں 342کابیان ریکارڈکرنے کی کاروائی رکوانے کے لئے اپیل دائر کردی ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ توشہ خانہ کیس میں 342کا بیان کرنے کی عدالتی کاروائی پر حکم امتناع جاری کردیا جائے۔اپیل میں کہا گیا کہ ہائی کورٹ سے دائر اختیارپرحتمی فیصلے تک توشہ خانہ کیس کا ٹرائل روکا جائے۔
اپیل میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں عدالتی دائرہ اختیار پر پہلے فیصلہ کرنا ضروری ہے لیکن ابھی تک اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو کام سے روکا ہے او رنہ ہی حکم امتناع کے حوالہ سے کوئی مکمل فیصلہ دیا ہے،لہذا سپریم کورٹ آ ف پاکستان مداخلت کرے اورٹرائل کورٹ کے جج ہمایوں دلاور کو ٹرائل سے روکا جائے تاکہ وہ توشہ خانہ کیس میں مزید کاروائی نہ کرسکیں۔
اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ اگر ٹرائل مکمل ہوجاتا ہے تو پھر اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر التواء اپیلیں غیر مئوثر ہوجائیں گی۔
سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ یا توٹرائل کورٹ کی کاروائی کے خلاف حکم امتناع جاری کیا جائے یا پھرسپریم کورٹ کوئی بھی مناسب حکم جاری کرے کیونکہ تاحال اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو کام سے نہیں روکا اوردائرہ اختیارطے نہیں کیا۔
Comments are closed.