میلسی: وزیر اعظم عمران خان نے جلسے میں اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد ناکام ہوئی تو اپوزیشن تیار رہے کہ جو میں کرونگا، جسم میں خون کے آخری قطرے تک ان چوروں کا مقابلہ کےلیے تیار ہوں، چور ایک ساتھ جمع ہوکر میرے خلاف عدم اعتماد لے کر آرہے ہیں۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ لندن کے بھگوڑے سے پیسہ واپس ملا تو پیٹرول کی قیمت آدھی کردوں گا، چوروں کا مقابلہ کرنے کیلیے پوری تیاری ہے، گیڈر دوسری بار ملک سے فرار ہوا ہے، بتایا جائے کبھی گیڈر بھی لیڈر بن سکتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ چوروں کے ٹولے کی وجہ سے ہم مقروض ہوگئے قوم غریب ہوگئی،چوروں کا ٹولہ قوم کو نقصان پہنچا رہے ہیں، مجرم نمبر ون نوازشریف جھوٹ بول کر باہر چلا گیا۔
وزیر اعظم نے کہاکہ جو بھی پیسہ ہم ٹیکس میں اکٹھا کرتے ہیں ان کی قسطوں میں چلاجاتا ہے، ماضی کے کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان کے قرضے میں اضافہ ہوا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن بتائیں کہ ماضی کے چوروں نے جب ملک کو مقروض کردیا تو پھر یہودیوں کو سازش کی کیا ضرورت ہے، فضل الرحمن کو مولانا نہیں کہونگا ، فضلو اپنے مقصد کے لیے مدرسے کے معصوم بچوں کو استعمال کرتا ہے، فضل الرحمن ڈیزل کے پرمٹ بیچ کر چوروں کو سپورٹ کرتا رہا ہے، فضل الرحمان صرف پیسہ ہی نہیں بلیک میل بھی کرتا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ شہبازشریف ڈرے ہوئے ہیں کہ ان کا کیس آنے والا ہے، جس کی وجہ سے وہ تحریک عدم اعتماد لانے کے لیے سرگرم ہیں، شہبازشریف نے بیٹے کو اور مقصود چپڑاسی کو باہر بھجوادیا، ماضی کے چوروں کی عیدیں، گھراور جائیدادیں سب ملک سے باہر ہیں، یہ صرف پاکستان کو لوٹنے کیلئے آتے ہیں،شہبازشریف کا پتہ کرانا ہے تو مقصود چپڑاسی کو پکڑ کر لے آئیں۔
عمران خان نے ن لیگ پر مزید طنز کرتے ہوئے کہاکہ ملک کے تین بار کے وزیراعظم کے بچے کہتے ہیں ہم تو پاکستانی نہیں، یہاں آکر معصوم عوام کو بے وقوف بناکر اپنے آپ کو مظلوم ظاہر کررہے ہیں۔
Comments are closed.