جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

بھارت کی پاکستان میں دہشت گردی: ” را ” شہریوں کے قتل میں ملوث نکلی

اسلام آباد: سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے کہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی”را” پاکستانی شہریوں کے قتل میں ملوث ہے، اشوک کمار اور یوگیش کمار نامی شہریوں نے یہاں اپنے ایجنٹوں کو رقومات دے کر قتل کرائے جس کے ثبوت موجود ہیں۔

دفتر خارجہ میں بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ شاہد لطیف کو سیالکوٹ میں مسجد کے باہر اور پاکستانی شہری محمد ریاض کو راولاکوٹ میں مسجد میں قتل کیا گیا، شاہد لطیف اور محمد ریاض کے قتل میں بھارتی ایجنٹ ملوث ہیں ،بھارتی ایجنٹ نے شاہد لطیف اور محمد ریاض کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔

سائرس سجاد قاضی نے کہاکہ  ہمارے پاس دو پاکستانی شہریوں کو انڈیا کی جانب سے قتل کیے جانے کے مصدقہ ثبوت موجود ہیں، قاتل کے انڈیا سے مصدقہ لنک ملے ہیں، شاہد لطیف کو مارنے کے لیے انڈین شہری یوگیش کمار نے یہاں مقامی قاتل کو ہائر کیا اور شاہد لطیف کو قتل کروایا۔

خیال رہے کہ شاہد لطیف کو 11 اکتوبر کو ڈسکہ میں  اورمحمد ریاض کو کچھ ماہ قبل 8 ستمبر کو راولا کوٹ  میں قتل کیا گیا تھا، دونو ں مقتولوں کا جرم یہ تھا کہ انہوں نے کشمیر میں جاری ظلم اور بھارت کے گھناؤنے چہرے کو بے نقاب کیا تھا۔

واضح رہے کہ عالمی عدالت میں پاکستان کی جانب سے پہلے ہی کلبھوشن یادیو کا کیس موجود ہے جو کہ ایران کے راستے پاکستان میں داخل ہو کر پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث تھا، جس نے کھل کر اپنے تمام جرائم کا اعتراف کیا ہے۔

You might also like

Comments are closed.