منگل 4؍صفر المظفر 1445ھ22؍اگست 2023ء

بٹگرام: چیئرلفٹ میں پھنسے افراد میں سے5بچے ریسکیو، پاک فوج کا آپریشن جاری

بٹگرام: آلائی پاشتو میں تار ٹوٹ جانے سے چیئر لفٹ پھنس کر ہوا میں معلق ہوگئی تھی جس میں 7 بچوں سمیت 8 افراد 900 فٹ کی بلندی پر پھنس گئے، اب تک 5 بچے ریسکیو کیے جاچکے ہیں، مزید افراد کو نکالنے کیلیے  ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آخری اطلاعات تک پاک فوج کے ایس ایس جی کمانڈوز نے چوتھی کوشش کے دوران 3 بچوں کو باری باری ریسکیو کرلیا جب کہ دیگر پھنسے ہوئے افراد کو بچانے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق جی او سی ایس ایس جی نے بٹگرام چیئر لفٹ میں پھنسے افراد کے ریسکیو آپریشن کی خود قیادت سنبھال لی، ریسکیو آپریشن کو زمین سے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ رات کے اندھیرے میں بھی اِس آپریشن کو جاری رکھا جا سکے۔

 بٹگرام چیئر لفٹ میں پھنسے نویں جماعت کے تین طلبہ کا میٹرک کا رزلٹ آگیا ہے،بٹگرام چیئر لفٹ میں پھنسے عطا اللہ ولد کفایت اللہ شاہ 442 نمبر لے کر کامیاب ہوئے ہیں،نیاز محمد ولد عمر زیب نے 412 نمبر لے کرکامیاب جبکہ اُسامہ ولد محمد شریف نے 391 نمبر لے کر نویں جماعت میں کا میابی حاصل کی ہے، تینوں طلبہ گورنمنٹ ہائی اسکول بٹنگی پاشتو الائی بٹگرام کے نویں جماعت کے طالب علم ہیں۔

 واضح رہے کہ صبح تقریباً چھ بجے چیئر لفٹ تین میں سے دو تار ٹوٹنے سے بیچ میں پھنس گئی تھی، جس کے بعد مقامی طور پر کوئی کوشش کارگر ثابت نہیں ہوئی تو فوج کو اطلاع دی گئی، جس کے بعد فوج نے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔

قبل ازیں چیئر لفٹ میں پھنسے استاد گل نواز نے بتایا تھا کہ7  بچے اور وہ خود چیئر لفٹ میں پھنسے ہیں جبکہ 2 بچے بے ہوش ہو چکے ہیں۔ گل نواز نے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ بچوں کی حالت تشویشناک ہے، ان کی عمریں 10 سے 15 سال کے درمیان ہیں۔

You might also like

Comments are closed.