بٹگرام: آلائی پاشتو میں تار ٹوٹ جانے سے چیئر لفٹ پھنس کر ہوا میں معلق ہوگئی تھی جس میں 7 بچوں سمیت 8 افراد 600 فٹ کی بلندی پر پھنس گئےجنہیں نکالنےکےلئے ریسکیوآپریشن کوکامیابی کے ساتھ مکمل کرکےتمام افراد کو باحفاظت ریسکیو کرلیا گیا ہے۔
اس سے قبل چیئر لفٹ میں پھنسے بچوں کو ریسکیو کرنے کیلئے کیے جانے والا ہیلی کاپٹر ریسکیو آپریشن رات اور موسم کے باعث منقطع کرنے کے بعد گراؤنڈ سے آپریشن شروع کیا گیا جس کے تحت ایک اور چھوٹی ڈولی کو اسی تار پر ڈال کر متاثرہ ڈولی کے قریب لایا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آخری اطلاعات تک پاک فوج کے ایس ایس جی کمانڈوز نے چوتھی کوشش کے دوران 3 بچوں کو باری باری ریسکیو کرلیا جب کہ دیگر پھنسے ہوئے افراد کو بچانے کے لیے آپریشن جاری ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق جی او سی ایس ایس جی نے بٹگرام چیئر لفٹ میں پھنسے افراد کے ریسکیو آپریشن کی خود قیادت سنبھال لی، ریسکیو آپریشن کو زمین سے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ رات کے اندھیرے میں بھی اِس آپریشن کو جاری رکھا جا سکے۔
بٹگرام چیئر لفٹ میں پھنسے نویں جماعت کے تین طلبہ کا میٹرک کا رزلٹ آگیا ہے،بٹگرام چیئر لفٹ میں پھنسے عطا اللہ ولد کفایت اللہ شاہ 442 نمبر لے کر کامیاب ہوئے ہیں،نیاز محمد ولد عمر زیب نے 412 نمبر لے کرکامیاب جبکہ اُسامہ ولد محمد شریف نے 391 نمبر لے کر نویں جماعت میں کا میابی حاصل کی ہے، تینوں طلبہ گورنمنٹ ہائی اسکول بٹنگی پاشتو الائی بٹگرام کے نویں جماعت کے طالب علم ہیں۔
واضح رہے کہ صبح تقریباً چھ بجے چیئر لفٹ تین میں سے دو تار ٹوٹنے سے بیچ میں پھنس گئی تھی، جس کے بعد مقامی طور پر کوئی کوشش کارگر ثابت نہیں ہوئی تو فوج کو اطلاع دی گئی، جس کے بعد فوج نے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
قبل ازیں چیئر لفٹ میں پھنسے استاد گل نواز نے بتایا تھا کہ7 بچے اور وہ خود چیئر لفٹ میں پھنسے ہیں جبکہ 2 بچے بے ہوش ہو چکے ہیں۔ گل نواز نے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ بچوں کی حالت تشویشناک ہے، ان کی عمریں 10 سے 15 سال کے درمیان ہیں۔
Comments are closed.