برکھان/کوئٹہ:بلوچستان کے ضلع بارکھان کے رکھنی بازار میںموٹر سائیکل بم دھماکے میں چار افراد جاں بحق اور12 زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق موٹر سائیکل بم دھماکہ اتوار کی کے ضلع بارکھان کے رکھنی بازار میںہوا جس میں 4 افراد جاں بحق، جبکہ12 سے زائد زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق دھماکا بارکھان کے رکھنی بازار میں صبح اس وقت ہوا، جب لوگ خریداری میں مصروف تھے۔ دھماکے سے چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں کو زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔ریسکیو کے مطابق ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے، رکھنی اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ڈی سی بارکھان عبداللہ کھوسہ کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل پر نصب کیا گیا تھا جس پر 2افراد سوار تھے۔ دھماکے کے بعد پولیس اور قانون نافذکرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور شواہد جمع کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں متعددگاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور دکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔ دھماکے کے بعد بازار میں موجود ریڑھیاں اور دکانیں متاثر ہوئی ہیں۔ عینی شاہدین کا بھی کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے کی مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہارکیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بے گناہ اور معصوم لوگوں کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں، دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے بد امنی پیدا کررہے ہیں، ملک دشمن عناصر کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف مزید موثر حکمت عملی اپنائی جائے گی۔
میر عبدالقدوس بزنجو نے محکمہ داخلہ اور پولیس کو دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے تناظر میں سیکورٹی پلان کا ازسر نو جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور دیرپا امن کا قیام ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ہدایت دی کہ دھماکے کے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
Comments are closed.