کراچی: شہر قائد کے سر سے طوفان ٹل گيا ہے اوربائپر جوائے نے رخ تبديل کر لياہے، طوفان کل کیٹی بندراوربھارتی شہرگجرات کی ساحلی پٹی سے ٹکرائے گا ۔ طوفان کٹی بندر سے دو سو ستاون کلوميٹر دورہے،سندھ کی ساحلی پٹی پر طوفان کے اثرات نمودار ہونا شروع ہوگئے ہیں ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گولارچی کے زیرو پوائنٹ ، کیٹی بندراورگردونواح کے دیہات میں پانی داخل ہوگیا، ٹھٹھہ کے ساحلی علاقوں ميں تيز ہوائیں چلنا شروع ہوگئیں۔کراچی میں ہاکس بے اور ریڑھی گوٹھ پر لہریں بے قابو ہیں، جہاں پانی سڑک پر آگیا، اورماڑہ میں بھی طغيانی سے پانی شہر ميں داخل ہوگیا اور کئی گھر ڈوب گئے ۔لنگرانداز چھوٹی کشتیوں کو طاقتور لہریں بہا لے گئیں ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان بائپرجوائے کے پیش نظرکراچی میں سو ملی ميٹر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہےجبکہ ٹھٹھہ ، بدین ، سجاول ، تھرپارکر اور میرپور خاص میں تین سو ملی ميٹر تک بارش کی پيشگوئی کی گئی ۔
بائپر جوائے کے سندھ کی ساحلی پٹی پر اثرات نمودار ہوچکے ہیں، کئی شہروں میں وقفے وقفے سے کبھی ہلکی اور کبھی تیز بارش جاری ہے، کل سے بادل جم کر برسنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، طوفان کی شدت برقرار ہے، سمندری طوفان کراچی سے 350، کیٹی بندر سے 300 اور ٹھٹھہ سے 360 کلو میٹر دور ہے، سمندر میں لہریں 30 سے 40 فٹ بلند ہیں جبکہ 170 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بائپرجوائے اس وقت کیٹیگری 3 کا طوفان ہے، کل سے کمزور ہوکر کیٹیگری 2 میں تبدیل ہوجائے گا۔ بحیرہ عرب میں طوفان 6 گھنٹوں میں شمال ار شمال مغرب میں حرکت کرتا رہا، بیپر جوائے کراچی سے تقریباً 340 کلو میٹر، ٹھٹھہ سے 355 کلو میٹر اور کیٹی بندر سے 275 کلو میٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔
میٹ کے مطابق طوفان کے مرکز اور اطراف میں ہوائیں 160 سے 180 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، طوفان کل کیٹی بندر اور بھارت میں گجرات کی ساحلی پٹی سے ٹکرانے کا امکان ہے۔
Comments are closed.