جمعہ7؍جمادی الاول 1444ھ 2؍دسمبر 2022ء

ایف آئی اے نے عمران خان کو دوبارہ طلب کرلیا، نوٹس جاری

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو امریکی سائفر کے معاملے پر ایک بار پھر طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کردیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امریکی سائفر کے معاملے پر ایف آئی اے نے سابق وزیراعظم عمران خان کو 6 دسمبر کو دوبارہ طلب کرلیا اور اس سلسلے میں عمران خان کی زمان پارک لاہور میں رہائش گاہ پر نوٹس بھی ارسال کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق امریکی سائفر کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے وزارت داخلہ کے حکم پر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، اس سلسلے میں  بنائی گئی تحقیقاتی ٹیم میں ایف آئی اے لاہور کے اعلیٰ افسران شامل کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایف آئی اے نے عمران خان کو گزشتہ ماہ 7 نومبر کو طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا جب کہ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو بھی 3 نومبر کو طلب کیا گیا تھا، تاہم عمران خان لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں فائرنگ کا نشانہ بننے کے باعث زخمی ہونے کی وجہ سے ایف آئی اے میں طلبی پر پیش نہیں ہو سکے تھے۔

ایف آئی اے کی جانب سے عمران خان کی طلبی کے دوبارہ سمن جاری کیے گئے ہیں۔ طلبی نوٹس ایف آئی اے کے افسران کے ذریعے عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک لاہور بھیج دیا گیا ہے۔ جہاں افسران نے استقبالیہ پر نوٹس کی تعمیل کروالی ہے۔ واضح رہے کہ نئے نوٹس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو 6 دسمبر کو اسلام آباد طلب کیا گیاہے۔

You might also like

Comments are closed.