اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کیساتھ معاہدے سے پاکستانی معیشت کے استحکام میں مدد ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ قرض فراہمی معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے اس مشکل وقت میں پاکستان کو بروقت مدد فراہم کرنے پر ایشیائی ترقیاتی بینک کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد سماجی تحفظ اور روزگار فراہم کرنا ہے جبکہ یہ معاہدہ مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے کارگر ثابت ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک ہمیشہ سے پاکستان کا ایک بہترین شراکت دار رہا ہے اور اس نازک موڑ پر پاکستان کی یہ حمایت ہماری مالی حالت کو بہتر بنانے اور سیلاب زدگان کی مدد کرنے میں بہت مددگار ثابت ہو گی۔
اس موقع پر انہوں نے یاد دلایا کہ پنجاب کے وزیر اعلی کے طور پر اپنے دس سالہ دور میں بینک کے تعاون سے کئی منصوبے مکمل کیے گئے جن میں اسکولوں کی سولرائزیشن بھی شامل ہے،وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ایشین ڈویلپمنٹ بینک (ADB) کے بلڈنگ ریزیلینس ود ایکٹو کانٹر سائکلیکل ایکسپینڈیچرز (Building Resilience with Active Countercyclical Expenditures, BRACE) پروگرام کے تحت 1.5 بلین ڈالر کے قرض کے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔
ترقیاتی شراکت داروں بالخصوص اے ڈی بی (ADB) کے کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے BRACE پروگرام کے تحت پاکستان کے لیے 1.5 بلین امریکی ڈالر کی بجٹ سپورٹ کی منظوری پر ADB بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے ADB کے صدرMasatsugu Asakawa اور ان کی پوری ٹیم کے حالیہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی مدد کرنے کو بھی سراہا۔ ADB، ورلڈ بینک، EU اور اقوام متحدہ کی حکومت پاکستان کے ساتھ شراکت میں کی جانے والی پوسٹ ڈیمیج نیڈز اسسمنٹ (PDNA) کے مطابق حالیہ سیلابوں سے پاکستانی معیشت کو 30 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔
وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی مستقل بحالی پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ADB کا 1.5 بلین ڈالر کا قرض پاکستان کی معاشی مشکلات کو کم کرنے میں مدد دے گا۔ADB کے نائب صدر Shixin Chi، جنہوں نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی، نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ADB بورڈ نے گزشتہ جمعہ کو رقم کی منظوری دی تھی۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان کی معیشت کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنا ہے۔
انہوں نے درمیانی اور طویل مدتی اقتصادی امکانات کو بہتر بنانے کے لیے موجودہ حکومت کی معاشی اصلاحات کو سراہا۔اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق، ڈائریکٹر جنرل اے ڈی بی مسٹر یوجین زوخوف کے علاوہ اے ڈی بی اور حکومت پاکستان کے اعلی حکام نے شرکت کی۔
سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن کاظم نیاز اور ADB کے کنٹری ڈائریکٹر جناب یونگ یی نے معاہدے پر دستخط کیے، جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔
Comments are closed.