جمعہ 23؍رمضان المبارک 1444ھ14؍اپریل 2023ء

انگریزوں کے گھوڑے پالنے والا طبقہ ملک پر قابض ہے، سراج الحق

جیکب آباد:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ انگریزوں کے گھوڑے پالنے والا طبقہ ملک پر قابض ہے جو عوام کا کبھی بھی خیر خواہ نہیں ہوسکتا، میر جعفر اور میر صادق کا ٹولہ امریکا ، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی ایما پر عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ  پی پی ہو یا پی ڈی ایم کسی نے بھی عوام کو حقوق نہیں دئیے ، ملک سیاسی اور آئینی بحران کا شکار ہے، پارلیمنٹ اور عدلیہ میں جنگ کا ماحول ہے اور سیاسی پارٹیاں دست و گریبان ہیں، عوام بھوک ، بدحالی، بیروزگاری اور غربت کا شکار ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ ملک میں 75سالوں سے اسلامی نظام قائم نہیں ہوسکا، عدالتوں میں فیصلے قرآن کے مطابق ہوتے تو لوگوں کو انصاف ملتا، سودی نظام کا ملک سے خاتمہ نہیں ہوسکا ، وفاقی شرعی کورٹ اور اسلامی نظریاتی کونسل کے فیصلوں کے باوجود ملک سودی نظام کے تحت چلایا جارہا ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ  غریب اور کمزور کو انصاف نہیں ملتا 75سالوں سے ملک پر مسلط طبقے نے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم کر رکھا ہے انصاف، روزگار، تعلیم علاج کی کوئی سہولت نہیں، امریکی ہمیں بھیک مانگنے والا سمجھتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہم ڈالروں کے عیوض اپنی مائیں بہنیں بھی فروخت کردیتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ   ڈالروں کے عوض عافیہ صدیقی کو امریکا کے حوالے کیا اور ریمنڈ ڈیوس اور ابھے نندن کو رہا کردیا گیا۔ ملک کی 23کروڑعوام کو حکمرانوں نے 10کلو آٹے کے تھیلے کے پیچھے لگا رکھا ہے آٹے کے حصول کے لیے پہلا شہید میر پورمیں ہوا اب تک اس ضمن میں 20سے زائد لوگ شہید ہوچکے ہیں ہمارا ملک چینی، چاول ، گنے کی پیداوار کرتا ہے لیکن آج عوام ان ہی کے لیے ترس رہی ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ  چینی ، چاول آٹا مافیا سب کا تعلق حکمران جماعت سے ہے جو ہم پر مسلط ہیں ، یہ وہی حکمران ہیں جن کی وجہ سے ملک ڈیفالٹ ہورہا ہے گزشتہ 50سالوں سے سندھ میں پیپلز پارٹی مسلط ہے سیلاب کے بعد یہاں آیا ہوں مگر یہاں کسی کو گھر بنانے کے لیے حکومت کی طرف سے امداد نہیں ملی یہ ظلم آپ پر کوئی اور نہیں بلکہ آپ کے حکمران کررہے ہیں اگر آپ اپنا حق اور ملک کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں تو جماعت اسلامی کا ساتھ دیں کرپشن کا خاتمہ جہالت سے نجات آپ کو جماعت اسلامی دلائے گی ۔

You might also like

Comments are closed.