بمبئی: انسٹاگرام نے اعلان کیا ہے کہ اگلے چند ہفتوں میں وہ ایک سے زائد افراد کی لائیواسٹریمنگ سہولت پیش کررہا ہے۔
کمپنی کے سربراہ ایڈم میسوری نے کہا ہے کہ بہت جلد ان کا پلیٹ فارم چار افراد (ایک میزبان اور تین مہمان) کے درمیان لائیواسٹریمنگ کی سہولت پیش کرے گا۔ بیان کے مطابق یہ مکمل طورپرلائیو ویڈیو سہولت ہوگی۔ اپنے ایک انٹرویو میں ایڈم نے کہا کہ یہ انسٹاگرام کا ایک نیا پہلو ہے لیکن اتنا نیا بھی نہیں ہے۔
ان کا اشارہ اس ٹیسٹنگ کی طرف ہے جو دسمبر 2020 سے انڈیا میں کی جارہی ہے۔ انسٹاگرام کے مطابق بھارتی مارکیٹ میں ان کے پلیٹ فارم پراس آپشن کا تقاضہ کیا جارہا ہے۔ اس کی وجہ ٹِک ٹاک پر لگائی جانے والی پابندی ہے اور انسٹاگرام بھی اس سے فائدہ اٹھاکر بھارت میں اپنی موجودگی بڑھانا چاہتا ہے۔ لیکن بھارتی لائیواسٹریمنگ میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
بعض تجزیہ کاروں کے مطابق 2020 میں صرف بھارت میں انسٹاگرام کے استعمال میں 60 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اب ایک وقت میں ایک سے زائد افراد کی لائیو اسٹریمنگ سے یہ دائرہ مزید پھیلے گا۔
اس وقت انسٹاگرام پردوافراد ہی لائیو ہوکر گفتگو کرسکتے ہیں اور اگلے چند ہفتوں میں چار افراد حقیقی وقت میں ایک دوسرے سے بات کرسکیں گے۔
Comments are closed.