اسلام آباد:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نےامیر جماعت نے یونان کشتی حادثے میں پاکستانیوں کی شہادت پر نہایت دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار ہمدردی کی اور حادثے کے ذمہ داران پاکستان میں موجود انسانی اسمگلروں اور ان کی پشت پناہی کرنے والے مافیا کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔
سراج الحق نے کہاکہ کراچی میئر سلیکشن کو جماعت اسلامی اور شہر کے عوام کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ 23جون کو بدترین دھاندلی کے خلاف اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے مرکزی دفتر کے باہر عظیم الشان مظاہرہ ہو گا۔ سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے ہر مرحلے کے دوران ریکارڈ توڑ دھاندلی ہوئی۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہناتھا کہ 30بلدیاتی نمائندوں کا الیکشن والے دن غائب ہو جانا جمہوریت اور کراچی کی تاریخ کا افسوس ناک واقعہ ہے، لگتا ہے کہ پیپلزپارٹی نے تاریخ سے سبق نہیں سیکھا۔ ظلم پر خاموش نہیں رہیں گے، حق کے لیے تمام آئینی و قانونی راستے اختیار کیے جائیں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ موجودہ اور ماضی کی حکومتوں کی نااہلی کا نتیجہ ہے کہ نوجوان مایوس ہو کر باہر بھاگ رہا ہے، کراچی سے چترال تک ہر شخص پریشان ہے، مہنگائی کی وجہ سے خودکشیاں ہو رہی ہیں، پڑھا لکھا نوجوان بے روزگار ہے، بیرونی سفارت خانوں کے سامنے پاکستانیوں کی لائنیں نظر آتی ہیں، ملک میں روزگار نہیں، معیشت تباہ ہو گئی۔
انہوں نے مزید کہاکہ سودی نظام اور کرپشن نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کر دیں، نوجوان مایوس نہ ہوں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ خوشحال اسلامی فلاحی پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔
سراج الحق نے کہا کہ موجودہ نظام کھوکھلا اور کرپٹ ہے اور اس کے وفادار بحرانوں کے ذمہ دار ہیں۔ 75برسوں سے ملک کو لوٹا جا رہا ہے، ملک غیر یقینی کی صورت حال کا شکار ہے، جسے ختم کرنے کے لیے الیکشن کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے۔ انتخابات میں التوا کے بیانات آ رہے ہیں، بتانا چاہتا ہوں کہ ایسی کوششیں آئین کا انحراف ہو گا جس کی جماعت اسلامی بھرپور مخالفت کرے گی۔
Comments are closed.