جمعہ 23؍محرم الحرام 1445ھ11؍اگست 2023ء

انتخابات نگراں حکومت نہیں، الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے، شہباز شریف

gratitude

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں انتخابات کرانا نگراں حکومت نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسمبلی تحلیل کے بعد نگراں وزیراعظم کے نام سے متعلق مرحلے کو خوش اسلوبی سے طے کر لیں گے۔ اس سلسلے میں نواز شریف کے ساتھ بھی مشاورت کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر گزشتہ شب دستخط کردیے تھے، جس کے بعد امید ہے کہ 3 روز میں نگراں وزیراعظم کے نام پر اتفاق ہو جائے گا۔ اپوزیشن لیڈر سے کل پھر ملاقات ہوگی۔ امید ہے نام فائنل کرلیں گے اور پھر نواز شریف سے بھی بات کروں گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ نئی مردم شماری کی منظوری ہوچکی ہے، نگران حکومت کو بھی الیکشن نہیں کرانے بلکہ یہ ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے۔ جن اداروں کو الیکشن کرانا ہے ان کو بھی آئین کی پاسداری کرنی چاہیے۔ آئینی تقاضا ہے کہ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم نے ملک کے بہترین مفاد میں سیاسی اتحاد کیا۔ 13 جماعتوں کا اتحاد چلانا کوئی آسان کام نہیں تھا۔

You might also like

Comments are closed.