جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

انتخابات سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کورکمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی:ملک کی عسکری قیادت نے کور کمانڈرز کانفرنس میں واضح کیاہے کہ سیاسی سرگرمیوں کے نام پر کسی کو بھی پرتشدد کارروائیوں اور آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر )  کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت  جی ایچ کیو میں 262ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، فورم نے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مسلح افواج کے افسران اور جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور شہریوں کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں سے ریاست پوری طاقت سے نمٹے گی۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت مقدس اور ناقابل تسخیر ہے، پاکستان تمام ریاستوں کے ساتھ پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے تاہم ملکی خودمختاری، قومی غیرت اور پاکستانی عوام کی امنگوں پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

کور کمانڈر کانفرنس کو ماورائے عدالت قتل، ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی اور پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانے کی بھارت کی گھناونی مہم کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

You might also like

Comments are closed.