پشاور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بدامنی اور مہنگائی ملک کے سلگتے ہوئے مسائل، براہ راست ذمہ دار ماضی کی حکومتیں ہیں۔امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ حکومت اور سیکیورٹی ادارے عوام کو تحفظ دیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ میں دہشت گردی کی نئی لہر سے صوبہ کا ہرشخص بری طرح متاثر، بلوچستان جل رہا ہے، اندرون سندھ اور پنجاب کے کچے کے علاقوں میں ڈاکو راج، بڑے شہروں میں سٹریٹ کرائمز، ڈکیتی کی وارداتوں نے شہریوں کی زندگی جہنم بنادی۔ ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نے صوبوں اور مرکز میں سالہا سال حکومت کی، بہتری نہ لاسکیں۔ عدم استحکام اور معاشی بحران کے خاتمہ کے لیے قوم جماعت اسلامی کو موقع دے۔
ان کا کہنا تھاکہ آزمائی ہوئی حکمران جماعتوں کے لیڈران ایک دفعہ پھر عوام کودھوکا دینے کی کوشش کررہے ہیں، بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اب کی بار ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کے دلفریب اور حھوٹے نعروںکا شکار نہ بنیں، یہ لوگ ووٹ لے کر مڑ کے نہیں دیکھتے، پاکستانیوں کے لیے فیصلہ کن لمحات آنے والے ہیں، سات دہائیوں سے ملک لوٹنے والوں کا ووٹ کی طاقت سے احتساب کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ہنگو بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مستونگ اور ہنگو میں جمعہ کو ہونے والے دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اندوہناک واقعات کی شفاف تحقیقات کرکے ذمہ داران کی گرفتاری اور سخت سزا کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے شہدا کی مغفرت اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہارکیا۔
امیر جماعت کا کہنا تھا کہ حکومت شہدا کے وارثین اور زخمیوں کو فوری مالی امداد جاری کرے۔ امیر جماعت نے ملک میں مجموعی امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکمرانوں کو ان کی آئینی ذمہ داری یاد دلائی اورکہا کہ امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ حکومت اور سیکیورٹی ادارے عوام کو تحفظ دیں۔ آئندہ الیکشن کی صورتحال کے پیش نظر مرکز اور صوبوں کی نگران حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن وامان کو یقینی بنائیں تاکہ عوام بغیر خوف کے گھروں سے نکلیں اور حق رائے دہی کا استعمال کرکے اپنے لیے نئی قیادت کا انتخاب کریں۔
ان کاکہنا تھا کہ پرامن اور شفاف الیکشن کے نتیجہ میں بننے والی حکومت ہی ملک میں استحکام کی جانب پہلا قدم ہوگا۔
Comments are closed.