اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی کے حلقہ این اے 245 کا ضمنی انتخاب اور صوبے کے 16 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق بارشوں کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے انتخابات اگست کے آخر میں ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے فیصلہ متحدہ قومی موومنٹ(پاکستان)، چیف سیکرٹری، جی ڈی اے اور صوبائی الیکشن کمشنرکی درخواست پرکیا، جس کے مطابق سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ اب 28 اگست 2022 کو ہوگا جب کہ این اے 245 کا ضمنی انتخاب 21 اگست کو ہوگا۔ قبل ازیں ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال کی وجہ سے خالی قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب 27 جولائی کو ہونا تھا۔
دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد ڈویژن کے 16 اضلاع میں انتخابات ہونے تھے۔ سندھ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی سمری چیف سیکرٹری سندھ نے الیکشن کمیشن کو بھیجی تھی۔ چیف سیکریٹری سندھ نے مراسلے میں کہا تھا کہ سندھ میں 22 جولائی سے شدید بارشوں کا امکان ہے۔ دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات 24 جولائی کو شیڈول تھے۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق بدھ کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی صدارت میں ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں ارکان الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکریٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن نے مختلف امیدواروں اور عوام کی طرف سے دی گئی درخواستوں پر غور اور حالیہ بارشوں کی وجہ سے نقصانات اور موجودہ موسمی حالات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ این اے 245 کے انتخابات بھی عاشورہ کے بعد کرانے کی درخواست کی گی تھی۔
ان درخواستوں پر غور کرنے سے پہلے الیکشن کمشنر سندھ اور محکمہ موسمیات سے رپورٹ بھی طلب کی گئیں۔ محکمہ موسمیات نے مذکورہ بالا دنوں میں بارشوں کی پیشگوئی کی اس کے علاوہ الیکشن کمشنر سندھ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے آمدورفت کے ذرائع، پولنگ اسٹیشنوں کی عمارتوں کو پہنچنے والے ممکنہ نقصانات، پولنگ کے سامان کی ترسیل، بارشوں کی وجہ سے عوام کے ووٹ ڈالنے میں دشواری اور دیگر انتظامی امور کو مد نظر رکھتے ہوئے پولنگ کی تاریخ کو ملتوی کرکے محرم الحرام کے بعد مناسب تاریخوں کا اعلان کیا جائے۔
الیکشن کمیشن نے مذکورہ بالا تمام حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ ووٹرز اور امیدواروں کی سہولت اور انتظامی امور کی بہتری کے لیے کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔
یاد رہے کہ بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے تھے جب کہ بیلٹ پیپرز اور دیگر انتخابی سامان کی بھی متعلقہ علاقوں میں ترسیل کی جا چکی تھی اور بدھ کے روز ہی الیکشن کمیشن کی جانب سے فوج اور رینجرز کو پولنگ کے دن قیام امن کے لیے خصوصی اختیارات بھی تفویض کیے گئے تھے۔
Comments are closed.