بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

الخدمت اور فوڈ پانڈا کے درمیان دوائیاں گھروں تک پہنچانے کا معاہدہ

کراچی: پاکستان میں علاج معالجے کے بڑھتے ہوئے اخراجات کے پیشِ نظر الخدمت فاؤنڈیشن فوڈ پانڈا کی معاونت سے مریضوں کو معیاری ادویات رعایتی نرخوں پر ان کے گھروں میں فراہم کرے گی۔

اس بات کا اعلان الخدمت کراچی کے صدر اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے فوڈ پانڈا انتظامیہ کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  کیا۔

مفاہمت کی یادداشت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن  نے کہا کہ حکومت سندھ کا صحت کا بجٹ 173 ارب روپے سالانہ ہے جس میں سے 15 ارب روپے کی صرف ادویات کی خریداری اور فراہمی کا دعوی کیا جاتا ہے لیکن بدقسمتی سے غریب مریضوں کو سرکاری اسپتالوں سے معمولی ادویات بھی فراہم نہیں کی جاتیں اور انہیں ہر طرح کی ادویات خود خریدنی پڑتی ہیں۔

الخدمت کراچی کے صدر کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں جب کہ مارکیٹ میں موجود ادویات کے غیر معیاری ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے الخدمت کی جانب سے مریضوں کو ان کے گھروں تک معیاری ادویات فوڈ پانڈا کی معاونت سے رعایتی نرخوں پر فراہم کی جائیں گی۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ کورونا کی وبا کے دوران الخدمت نے آٹھ ہزار روپے تک ہونے والے کے ٹیسٹ تین ہزار روپے میں کیے جس کی وجہ سے مجبور ہوکر حکام نے پرائیویٹ لیبارٹریوں کے لیے بھی کورونا ٹیسٹ کی قیمت ساڑھے چار ہزار روپے تک مقرر کی۔

ان کا کہنا تھا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پہلے ہی گھروں سے لیبارٹری سیمپل لے کر ٹیسٹ کرنے کی سہولت فراہم کر رہی ہے اور اب مریضوں کو گھروں پر رعایتی نرخوں پر ادویات محض آدھے گھنٹے میں پہنچانے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے جس سے امید ہے کہ لوگوں کو عام حالات اور ایمرجنسی میں بہت فائدہ ہوگا۔

You might also like

Comments are closed.