اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے مائیکروسوفٹ کے بانی بل گیٹس نے ٹیلیفونک رابطہ کیا، دونوں نے افغانستان میں صحت کے نظام پر تشویش کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے بل گیٹس نے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے ، وزیراعظم اور بل گیٹس نے افغانستان میں صحت کے نظام پر تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان نے بل گیٹس سے افغان عوام کو انسانی امداد فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔
افغانستان پاکستان کے ساتھ دنیا کا دوسرا ملک ہے جو پولیو کا شکار ہے، وزیراعظم اور بل گیٹس نے افغانستان میں انسداد پولیو مہم دوبارہ شروع کرنے پرزور دیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان کی آدھی سے زائد آبادی غربت کی لکیرسے نیچے زندگی گزار رہی ہے، افغانستان کو مالی امداد کی اشد ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے بل گیٹس کو پاکستان میں پولیوکے خاتمے کیلئے کوششوں سے آگاہ کیا، انہوں نے پولیو کے خاتمے کے لیے بل اینڈ ملینڈاگیٹس کے تعاون کی تعریف کی۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں رواں سال پولیو کا ایک کیس رپورٹ ہوا، پاکستان میں پولیو کیسز میں نمایاں کمی آئی، پولیو سے نمٹنے کیلئے کوششیں ابھی جاری ہیں، حکومت ملک میں پولیو کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔
بل گیٹس نے پولیو کے خلاف کوششوں پر وزیراعظم عمران خان کی تعریف کی، بل گیٹس نے پولیو خاتمے کیلئے پروگرام اورتعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی، انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے پروگرام جاری رکھیں گے۔
Comments are closed.