بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

اسلام آباد میں یوم پاکستان کی مرکزی تقریب، مارچ اور فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ

FILE PHOTO

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم پاکستان کے موقع پر شاندار پریڈ کا اہتمام کیا گیا جس میں او آئی سی وزرائے خارجہ اور چین کے وزیر خارجہ بھی شریک ہوئے۔

اسلام آباد کے شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ یوم پاکستان کی  مرکزی تقریب منعقد کی گئی، جس میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، مسلح افواج کے سربراہان اور دیگر اہم سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات اور غیر ملکی مہمان شریک ہوئے۔

پریڈ میں مسلح افواج کے آرمڈ کور، ائیر ڈیفنس اور دیگر دستوں نے مارچ پریڈ و فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا۔ آرمی ایوی ایشن کے دستوں نے فلائنگ مارچ پاسٹ کیا۔ آرمڈ کور کے دستوں نے الخالد ٹینکوں کے ساتھ جبکہ فیلڈ آرٹلری رجمنٹ نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔ دو ہزارکلومیٹر مار کرنے والا غوری، بابر میزائل اور شاہین ٹو بھی پریڈ میں شامل تھے۔

اس کے علاوہ ایف 16 اور جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے بھی شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کر کے دشمن کے دل پر ہیبت طاری کی۔

یوم پاکستان پریڈ کے دوران آذربائیجان، ترکی، بحرین اور سعودی دستوں نے بھی مارچ پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا۔

اس سال یوم پاکستان کی مرکزی پریڈ کا تھیم ‘شاد رہے پاکستان’ رکھا گیا جو قومی ترانے کے جملے مرکز یقین شاد باد سے لیا گیا ہے۔

او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے شرکاء کوپریڈ میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا اور او آئی سی کے فلوٹ کو یوم پاکستان کی پریڈ میں خصوصی طور پر شامل کیا گیا۔ اس کے علاوہ چین کے وزیر خارجہ نے بھی یوم پاکستان پریڈ میں خصوصی طور پر شرکت کی۔

پریڈ کے اختتام پر صدر مملکت اور آرمی چیف نے پاکستان کے لیے خدمات سرانجام دینے والے افراد سے مصافحہ کیا اور ان کے عزم و ہمت کو سراہا۔

You might also like

Comments are closed.