غزہ : جبالیہ کیمپ،نصیرت کیمپ ، صابرہ، شیخ رضوان اور ریمال پر اسرائیلی فضائیہ کی بمباری سے ایک ہی خاندان کے 10افراد سمیت مزید 169فلسطینی شہید اورسینکڑوں زخمی ہوگئے،صیہونی افواج نے خان یونس میں کیے گئے تازہ حملے میں ناصر ہسپتال شعبہ اطفال کو نشانہ بنایا،حماس کے حملوں میں اسرائیلی فوج نے اپنے مزید 2فوجیوں کی ہلاکتوں کا اعتراف کرلیا۔
اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین کا کہنا ہے کہ یوکرین جنگ میں جتنے شہری مارے گئے اس سے زیادہ غزہ میں بچے اور خواتین چالیس دن میں شہید ہوئے، غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے بعد سے شہداء کی مجموعی تعداد 19ہزار سے تجاوز کر گئی ۔
غزہ کے جبالیہ کیمپ میں شہاب خاندان کے گھر کو بھی نشانہ بنایا گیا، اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 20افراد شہید اور 100زخمی ہوگئے جبکہ حملے میں قریبی گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔اسرائیلی افواج نے صابرہ، شیخ رضوان اور ریمال پر بھی بمباری کی جس کے نتیجے میں 54شہری شہید ہوگئے۔رپورٹس کے مطابق نصیرت کیمپ پر حملے میں شہید 25 افراد میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد بھی شامل ہیں۔ غزہ کے ہسپتالوں پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
فلسطین کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل ہسپتالوں پر حملے کرکے غزہ میں صحت کے مراکز کو مکمل طور پر ختم کرنا چاہتا ہے۔
اسرائیلی فورسز نے غزہ کے کمال عدوان ہسپتال کا محاصرہ ختم کردیا تاہم عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے شمالی غزہ میں کمال عدوان ہسپتال کی تباہی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کمال عدوان ہسپتال کے غیرفعال ہونے سے 8 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، شہداء میں ایک 9سال کا بھی بھی شامل ہے۔
رفح میں زوردار دھماکے میں رہائشی مکانات کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے میں 2افراد شہید اورہ متعدد افراد زخمی ہوگئے، اسرائیلی طیاروں نے خان یونس کے مشرق میں بنی سہیلہ سمیت جنوب مشرقی علاقے میں بھی دو حملے کئے۔ اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین کے سربراہ فلپ لازارینی نے اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں انسانی المیہ جیسی تباہی پہلے کبھی نہیں دیکھی۔فلپہ لازارینی نے کہا کہ یوکرین جنگ میں جتنے شہری مارے گئے اس سے زیادہ غزہ میں بچے اور خواتین چالیس دن میں شہید ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں غزہ کا ساٹھ فیصد سے زیادہ انفراسٹرکچر تباہ ہوگیا ہے اور نوے فیصد آبادی بے گھر ہوچکی ہے۔علاوہ ازیں اسرائیلی جارحیت کے جواب میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے بھی بھرپور جوابی کارروائیاں جاری ہیں، حماس کے حملوں میں اسرائیلی فوج نے اپنے مزید 2فوجیوں کی ہلاکتوں کا اعتراف کرلیا، غزہ جنگ میں زمینی جنگ شروع کرنے کے بعد ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 121ہوگئی۔
ادھر اسرائیلی اپوزیشن لیڈر نے نیتن یاہو سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔ یائر لپید کہتے ہیں نیتن یاہو وزیراعظم نہیں رہ سکتے وہ عوام کا اعتماد کھو چکے ہیں۔7اکتوبر کے بعد سے پہلی بار اسرائیلی علاقے کی طرف سے کرم شیلونگ کراسنگ کے راستے امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہوئے، غزہ میں 4 روز سے بند مواصلات اور انٹرنیٹ سروسز بھی جزوی بحال ہونا شروع ہو گئی ہے۔
Comments are closed.