مقبوضہ بیت المقدس: صہیونی ریاست کی تازہ بم باری میں غزہ کا پناہ گزیں کیمپ مکمل تباہ ہوگیا، جس میں 100 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے غزہ پر نئے حملے میں پناہ گزیں کیمپ جبالیا کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا، جس میں 100 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے۔ واضح رہے کہ امریکا، برطانیہ سمیت دیگر مغربی ممالک کی کھلی حمایت سے صہیونی دہشت گردی کھلی دہشت گردی پر اتر آئی ہے۔
اپنے حامیوں کی جانب سے کھل کر حمایت کیے جانے کے بعد اسرائیل نے فلسطینی علاقوں خصوصاً غزہ پر حملوں کی نئی لہر شروع کی ہے، جس میں شہری آبادی اور اسپتالوں کے بعد پناہ گزیں کیمپوں پر بھی حملے شروع کردیے گئے ہیں۔ اسی سلسلے میں منگل کے روز جبالیا پناہ گزیں کیمپ پر وحشیانہ بم باری کے نتیجے میں 100 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق جبالیا پناہ گزیں کیمپ پر اسرائیلی حملے کے لیے امریکی ساختہ بموں کا استعمال کیا گیا اور 6 بم داغ کر پناہ گزیں کیمپ کو مکمل تباہ کردیا گیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق جبالیا کیمپ کی عمارتوں میں سیکڑوں فلسطینی رہتے تھے، جو اسرائیلی حملوں کے بعد عمارتیں منہدم ہونے کے نتیجے میں ملبے تلے دبے اپنے اہل خانہ کو ڈھونڈنے میں مصروف ہیں اور ہر جانب آہ و بکا کے رقت آمیز مناظر دکھائی دے رہے ہیں۔
فلسطینی طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ جبالیا پناہ گزیں کیمپ میں اسرائیلی تازہ حملے کے بعد شہید ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو مسلسل اسپتال لایا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شہادتوں کی تعددا 100 سے تجاوز کر سکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں صہیونی قابض فوج نے غزہ میں ایک اسپتال کو بم باری کا نشانہ بنا کر 500 سے زیادہ فلسطینیوں کو شہید کردیا تھا۔ 7 اکتوبر سے اسرائیلی حملوں اور غزہ پر کھلی صہیونی دہشت گردی کے نتیجے میں بڑی تعداد میں خواتین و بچوں سمیت فلسطینی شہدا کی تعداد 8 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔
Comments are closed.