اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کی سازش پاکستان میں تیار ہوئی ہے اور مقتول کا کوئی لیپ ٹاک، موبائل نہیں ملے گا کیونکہ تمام شواہد مٹا دیے گئے ہیں۔
اسلام آباد پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کو گاڑی کے اندر سے گولیاں ماری گئیں، ارشد شریف کی شہادت حادثہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارشد شریف ملک چھوڑنے کے لیے تیار نہیں تھا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ میں کچھ دنوں میں سب پردے چاک کر دوں گا۔میں اپنے گھر والوں کو بتا کر آیا ہوں کہ اگر مجھے مار دیا گیا تو ان کی لاشیں بھی ملیں گی جو مجھے نقصان پہنچائیں گے۔اگر مجھے کچھ ہوا تو وہ لوگ جو اس کے ذمے دار ہوں گے، 3 گھنٹوں میں وہ بھی مریں گے۔انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کو بتا چکا ہوں کہ اس سازش کے مقاصد کچھ اور ہیں۔ مجھے اس مارچ میں خون ہی خون اور جنازے نظر آ رہے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ارشد شریف اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں اور پاکستان آنے کو تیار تھا۔جب ارشد شریف اس ملک سے گیا ہے میں پہلے دن سے آخری دن تک اس سے رابطے میں تھا، اُسے دبئی سے کینیا لے جانے والا کوئی عام آدمی نہیں تھا۔یہ بہت کلئیر ہے کہ اس قتل میں اسٹیبلشمنٹ کا کوئی کردار نہیں۔فیصل واوڈا نے کہا کہ میں اپنا فون فرانزک کے لیے دے سکتا ہوں جس میں سب سامنے آجائے گا۔پاکستان کے ساتھ جو سازش ہو رہی ہے اس کے پلئیر پاکستان میں موجود ہیں۔ارشد شریف کو سازشیوں نے ڈرایا دھمکایا اور یہاں سے نکال دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جتنے دن ارشد شریف کا ویزا تھا اتنے دن وہ دبئی میں رہا، میں اپنے پاکستانیوں کو سازش کے تحت مرنے نہیں دوں گا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ جیسے میرا چئیرمین مجھے کچھ کہے گا میں یقین کروں گا۔ایسے ہی ارشد شریف اس شخص پر یقین کر رہا تھا جو اس سے رابطے میں تھا اور پھر اُسے نقصان پہنچا دیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں وہ سارے نام برسوں اور مہینوں میں نہیں دنوں میں بتاؤں گا، میرے نام لینے سے بہت سے لوگ آج ہی مارے جا سکتے ہیں۔
Comments are closed.