منگل8؍ذوالحجہ 1444ھ27؍جون 2023ء

اراکین پارلیمان کی نااہلی 5سال سے زیادہ نہیں ہوگی، قائم مقام صدر نے بل پر دستخط کردیئے

signed

اسلام آباد: قائم مقام صدر مملکت صادق سنجرانی نے اراکین پارلیمان کی نااہلی کو سابقہ اثر کے ساتھ 5 سال تک محدود کرنے کے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط کر دیے جس کے بعد نااہلی کی مدت 5 سال سے زیادہ نہیں ہوگی۔ قانون بننے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن اِن چیف جہانگیر ترین کی تاحیات نااہلی ختم ہونے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اراکین پارلیمان کی نااہلی کو 5 سال تک محدود کرنے کا بل سینیٹ سے منظور ہونے کے بعد گزشتہ روز قومی اسمبلی سے بھی منظور کرلیا گیا تھا۔ صدر ملکت عارف علوی حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جاچکے ہیں اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی قائم مقام صدر کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے آج الیکشن ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط کر دیے، ایکٹ میں ترمیم کے تحت نا اہلی پانچ سال سے زیادہ نہیں ہوگی۔ قانون بننے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن اِن چیف جہانگیر ترین کی تاحیات نااہلی ختم ہونے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

بل پر دستخط کے بعد الیکشن کمیشن عام انتخابات کی تاریخ اور الیکشن شیڈول یا نئی تاریخ کا اعلان بھی کر سکے گا۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے ایوان میں پیش کیا تھا، بل کی منظوری سے الیکشن کمیشن کو الیکشن پروگرام، شیڈول کا اعلان کرنے کا اختیار واپس مل گیا جس میں کسی بھی قسم کی تبدیلی بھی الیکشن کمیشن کا اختیار ہوگا۔

You might also like

Comments are closed.