اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد بند کرنا چاہوں تو آسانی سے کرسکتا ہوں، لیکن یہ میرا آخری قدم ہوگا، میں اس حد تک نہیں جانا چاہتا، کیوں کہ ملک کو معاشی نقصان ہو سکتا ہے۔ لہٰذا مجھے سو چ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہوگا۔
ڈیجیٹل میڈیا انفلوئنسرز سے ملاقات میں عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام میرے ساتھ کھڑے ہیں سب کو پتا چل گیا، لیکن عوامی سپورٹ کے ساتھ بھاری ذمے داری بھی آتی ہے، آج سوشل میڈیا پر سازش نہیں بلکہ سمت کی اصلاح نظر آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ الٹا بھی لٹک جائیں تو مجھے نا اہل نہیں کراسکتے۔
عمران خان نے کہا کہ شہباز گل نے ٹی وی پر جو کہا اصغر خان کیس میں ججز کے وہی ریمارکس ہیں، تو کیا اس بات پر ججز کو بھی پکڑا جائے گا؟ پی ٹی آئی کو شہدا سے متعلق منفی مہم میں جان بوجھ کر ہدف بنایا گیا، عظمیٰ بخاری سے کہیں اپنے خاوند کو پولیس کی تحویل میں دیں، جو شہباز گل سے اگلوانا ہے وہ عظمی کا خاوند اگل دے گا۔
حکومت کی میثاق معیشت سے متعلق پیشکش پر عمران خان نے جواب دیا کہ شہباز شریف سنجیدہ ہیں تو اپنے بھائی کی اربوں کی جائداد ملک واپس لے آئیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ میں عاشق رسول ہوں۔ نبیؐ سے محبت تک ایمان مکمل نہیں ہوتا۔ سلمان رشدی سے زیادہ غلیظ انسان کوئی نہیں وہ فتنہ ہے۔ میں نے اپنے انٹرویو میں سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے قتل کے واقعے کا حوالہ دیا تھا کہ کسی کو اجازت نہیں ہونی چاہیے کہ قانون ہاتھ میں لے کر کسی کو بھی قتل کردے، سیالکوٹ واقعے پر پاکستان کو جس طرح عالمی سطح پر اجاگر کیا گیا وہ افسوس ناک تھا۔
عمران خان نے کہا کہ آرمی چیف جنرل باجوہ کی توسیع سے متعلق کچھ نہیں جانتا، ہر روز کوئی نئی کہانی سننے کو ملتی ہے، تقرری کے معاملے پر پاکستان کو سوچنا ہوگا۔ نیوٹرلز کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ عوام کے ساتھ ہیں یا ان چوروں کے ساتھ۔ 20 سال کرکٹ کھیلی مجھے نہیں یاد کبھی اخبار میں آرمی چیف کی تبدیلی کا پڑھا ہو۔ یہاں آرمی چیف کی تبدیلی ایک قومی ایشو بن جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ فوج کے اندر میرٹ پر آرمی چیف بننا چاہیے۔ اگر ایک تعیناتی کی وجہ سے یہ سب کچھ ہورہا ہے تو ملک کی بڑی بدقسمتی ہے۔ فوج ملک کو اکٹھا نہیں کرسکتی ملک کو سیاسی جماعتیں اکٹھا رکھتی ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ الیکشن میں جتنی تاخیر کریں گے ہمارا ہی فائدہ ہے، ہماری پارٹی کی مقبولیت بڑھتی جاری ہے۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں ہماری حکومت ہے، جب چاہیں اسلام آباد بند کردیں مگر پھر سوچتا ہوں ملک کے معاشی حالات خراب ہیں۔
Comments are closed.