پیساڈینا، کیلیفورنیا: ناسا نے کئی برس قبل راکٹ کو اس کے لانچ پیڈ پلیٹ فارم تک لے جانے والی ایک سواری بنائی تھی جسے اب آرٹیمس مشن کے لیے مزید بہتر بنایا گیا ہے اور اسے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اپنے بل پر چلنے والی سب سے بھاری سواری کا اعزاز بھی دیا ہے۔
ناسا کا کرالر ٹرانسپورٹر ٹو (سی ٹی ٹو) 60 سال قبل بنایا گیا تھا لیکن اب اسے آرٹیمس ایس ایل ایس میگاراکٹ کے لیے تبدیل کیا گیا ہے۔ اس پر راکٹ رکھ کر اس کے درست مقام تک پہنچایا جاتا ہے۔ اس کا کل وزن 30 لاکھ کلوگرام ہے اور دنیا کی بھاری ترین سواری بھی ہے۔
بدھ کے روز ناسا کے اس ٹرانسپورٹرکوعالمی اعزاز کی سند دی گئی ہے جس پر کئی عشرے قبل سیٹرن راکٹ لے جاتے رہے تھے۔ اس موقع پر کینیڈی اسپیس سینٹرکے ماہرین اور گینزبک آف ورلڈ ریکارڈ کے افسران بھی موجود تھے۔ ناسا کے پروگرام مینیجر برائے ایکسپلوریشن گراؤنڈ سسٹمز کے مطابق یہ سسٹم انجینیئرنگ کا ایک عظیم شاہکار ہے۔
60 برس قبل اسی نے چاند کی راہ ہموار کی تھی اور اب دوبارہ چاند تک رسائی کا وسیلہ بھی بنے گا۔ یہ ٹرانسپورٹر ڈیڑھ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سےچلتا ہے کیونکہ اس کی پیٹھ پر بہت بھاری بھرکم راکٹ ہوتا ہے۔
کرالر ٹرانسپورٹر نے سب سے پہلے نومبر2022 میں آرٹیمس ایس ایل ایس راکٹ کو منزل تک پہنچایا تھا اور توقع ہے کہ یہ ناسا کےآرٹیمس قمری مشن میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
Comments are closed.