اسلام آباد : حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں نے آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اتحادی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں میں سابق صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، چودھری شجاعت حسین،مولانا فضل الرحمان ، آفتاب شیر پا، وفاقی وزرا اسحاق ڈار، مریم اورنگزیب، سردار اختر مینگل، نوابزدہ شاہ زین بگٹی، سردار خالد مگسی، خالد مقبول صدیقی ، سید نوید قمر، طارق بشیر چیمہ، ایاز صادق، سعد رفیق، رانا ثنا اللہ، پروفیسر ساجد میر، احسن اقبال، اسعد محمود و دیگر رہنماں نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور اہم تعیناتیوں کے معاملے پرمشاورت کی گئی اور وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کے قائدین کواہم تعیناتیوں سے متعلق اعتماد میں لیا۔دوسری جانب اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے پارٹی سربراہان اور رہنماؤں نے وزیراعظم شہباز شریف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شہباز شریف صاحب آپ وزیراعظم ہیں اور آئین نے یہ اختیار اور آرمی چیف کی تعیناتی کا استحقاق آپ کو سونپا ہے۔سابق وزیراعظم چودھری شجاعت نے کہا کہ اللہ نے آپ کو عزت اور منصب سے نوازا ہے، اہم تقرری کرنا آپ کا آئینی حق ہے، ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی تائید کی اور کہا وزیراعظم جو فیصلہ کریں گے، جے یو آئی ساتھ کھڑی ہے۔بی اے پی کے خالد مگسی نے بھی کہا کہ آپ جو فیصلہ کریں، ہم آپ کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی وزیراعظم کی حمایت کی اور کہا کہ ہم ہر فیصلے میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھاکہ آپ پر مکمل اعتماد ہے، آپ کا آئینی حق ہے، آپ نے ہم سے مشاورت کی، آپ کا شکریہ۔شاہ زین بگٹی کا کہنا تھاکہ دستور نے آپ کو ذمہ داری دی ہے، ہم آپ کے فیصلوں کی تائید و حمایت کرتے ہیں، مشاورت کرنا آپ کی جمہوری سوچ کا مظہر ہے۔اس کے علاوہ اسلم بھوتانی، محسن داوڑ اور آفتاب شیرپاؤ نے وزیراعظم کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھاکہ تمام جماعتوں کا وزیراعظم شہباز شریف پر مکمل اعتماد ہمارے لیے باعث فخر ہے۔اجلاس ختم ہونے کے بعد امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر وزیراعظم ہاؤس پہنچے اور شہباز شریف سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پی ڈی ایم کے سربراہ نے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے وزیراعظم کے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہونے کی یقین دہانی کروا دی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم آفس نے تصدیق کی ہے کہ آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس اسٹاف کمیٹی کی تقرری کی سمری وزارت دفاع سے موصول ہوگئی ہے۔وزیراعظم آفس کی جانب سے بتایا گیا ہےکہ سمری کے ساتھ دونوں عہدوں کے لیے ناموں کا پینل بھی شامل ہے۔وزیراعظم طے شدہ طریقہ کارکے تحت تقرریوں کا فیصلہ کریں گے۔
واضح رہے کہ 29 نومبر کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیئر مین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ندیم رضا عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔ سینیارٹی کا جائزہ لیا جائے تو 6 لیفٹیننٹ جنرلز نئے سپہ سالار کے لیے امیدوار ہیں۔ امیدواروں میں لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر، لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا، لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر شامل ہیں۔
Comments are closed.