اسلام آباد: پاکستان کی جا نب سے عالمی مالیاتی ادارے کی تقریباً تمام شرائط پوری کردی گئی ہیں، اس سلسلے میں پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کو باقاعدہ آگاہ کردیا گیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق شرح سود میں اضافے سمیت عالمی مالیاتی ادارے کی 4 پیشگی شرائط پر عمل درآمد سے متعلق پاکستان نے آئی ایم ایف کو ای میل کے ذریعے آگاہ کردیا ہے۔ علاوہ ازیں عالمی مالیاتی ادارے کے جائزہ مشن کو بھی اس پیش رفت سے متعلق بتا دیا گیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئندہ ہفتے آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول کے معاہدے پر دستخط کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کی تقریباً تمام شرائط پوری کردی گئی ہیں اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے سے متعلق دوست ممالک کی جانب سے فنانسنگ کی یقین دہانیوں بارے بھی آئی ایم ایف کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 2 سے 3 دنوں کے دوران اہم اقدامات کیے گئے ہیں جب کہ ملک میں شرح سود بھی بڑھا کر 20 فی صد کردی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ان شرائط میں سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دےچکا ہے۔ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر بھی کم کردی گئی ہے اس کے علاوہ پاکستان نے کسان پیکیج اور برآمدی شعبے کے لیے بجلی کے بلوں پر سبسڈی ختم کردی ہے۔
علاوہ ازیں پاکستان نے آئی ایم ایف کو گھریلو صارفین کے لیے بجلی بلوں پر سرچارج جولائی 2022 سے لگاکر وصولیوں کے شیڈول سے بھی آگاہ کر دیا ہے۔
Comments are closed.