کراچی: پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے ہی دن غیر معمولی تیزی دیکھنے میں آئی۔
ملک سے ڈیفالٹ کا خطرہ ٹلنے کے بعد عید الاضحیٰ کی چھٹیاں ختم ہوتے ہی کاروباری ہفتے کے پہلے ہی دن حصص کی خرید و فروخت شروع ہوتے ہی نئی تاریخ رقم ہو گئی۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق پی ایس ایکس میں کاروبار کے آغاز پر بھرپور تیزی سامنے آئی اور انڈیکس میں 2000 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ریکارڈ ہوا۔ ابتدا ہی میں کے ایس ای 100 انڈیکس 1961 پوائنٹس اضافے سے 43414 پوائنٹس پر ٹریڈ ہوا، جس کے بعد 2341.68 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 100 انڈیکس 43794.36 پوائنٹس پر ٹریڈ کیا۔
پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بھرپور تیزی ہونے پر سرگرمیاں ایک گھنٹے کے لیے معطل کردی گئیں اور کاروباری قانون کے مطابق حصص کی خریدوفروخت روک دی گئی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 11 اپریل 2022ء کو انڈیکس میں 1700 پوائنٹس کے اضافے کوبلند ترین ریکارڈ قرار دیا گیا تھا۔
Comments are closed.