لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں مزدوروں، چھوٹے سرکاری ملازمین اور لیبر کلاس کے مطالبات پورے کیے جائیں۔
نیشنل لیبر فیڈریشن ( این ایل ایف ) کے زیراہتمام مال روڑ پر یکم مئی کے حوالے سے نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ محنت کسی اور کی، پھل کوئی اور کھاتا ہے ، مزدور کے بچے بھوکے سوتے ہیں ، حکمران آف شور کمپنیاں بنا رہے ہیں ۔انگریزوں کے غلام اب تک قوم کی گردنوں پر مسلط ہیں ، استحصالی نظام کو جڑ سے اکھاڑنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ملک دلدل میں ، حکمران سیاسی جماعتوں اور اداروں نے اسے بند گلی میں دھکیل دیا ، پورا نظام جام ہوچکا، بے یقینی میں ہر آئے روز اضافہ ہورہا ہے۔ آئینی ، سیاسی ، معاشی بحرانوں نے ہیجانی کیفیت برپا کردی ہے جس کا سارا نزلہ غریب عوام پر گر رہا ہے ۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ بہتری کا واحد راستہ قومی انتخابات ہیں ، عوام ہی ملک کے اصل وارث اور انہی سے فیصلہ لینا ہوگا، جماعت اسلامی نے ملک بھر میں ایک ہی روز انتخابات کے لیے روڑ میپ دیا ہے ، الیکشن سٹیک ہولڈر کی حیثیت سے سیاسی جماعتوں کو مذاکرات پر راضی کرنے کی کوششیں کی۔
امیر جماعت نے یوم مزدور کو گوادر کے مچھیروں، مقامی رہائشیوں اور ہدایت الرحمن بلوچ کے نام کیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ گوادر کے لوگوں کے لیے حقوق مانگنے پر ہدایت الرحمن چار ماہ سے جھوٹے مقدمات میں جیل میں ہیں ، انہیں رہا کیا جائے، سپریم کورٹ میں ان کی رہائی کے لیے بھی اپیل دائر کی ہے، امید ہے انصاف ملے گا، بلوچستان کے عوام کو یقین دلاتا ہوں جماعت اسلامی سمیت پورا پاکستان ان کے ساتھ ہے۔
سراج الحق نے نے خانہ شماری میں کراچی سمیت دیگر علاقوں کے عوام کے تحفظات کو دور کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔
انہوں نے کہا ملک میں آٹھ کروڑ مزدور وں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کوئی منظم عدالتی نظام نہیں۔ مزدور مرجاتا ہے ، بچوں اور بیوہ کی کفالت کا کوئی میکنزم موجودنہیں ، سیاسی لیڈران اور حکومتیں طویل عرصہ سے مزدوروں اور کسانوں کو دھوکہ دے رہے ہیں ، حکومتیں آتی اور چلی جاتی ہیں ، مزدور کی حالت نہیں بدلتی۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں مزدور کی نمائندگی سرمایہ دار، کسان کی جاگیردار اور مظلوم کی ظالم کرتا ہے، مزدور اور کسان کی برکت سے ملک چل رہا ہے،وی آئی پی لوٹتا ہے ۔
Comments are closed.