سندھ حکومت نے مردم شماری کی عبوری رپورٹ پر بلدیاتی انتخابات سے معذرت کرلی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں کمیشن نے سماعت کی تو وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضیٰ وہاب الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
مرتضیٰ وہاب نے مردم شماری کی عبوری رپورٹ پر بلدیاتی انتخابات سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ مردم شماری کی عبوری رپورٹ پر حلقہ بندیاں غیرآئینی ہوں گی۔
مؤقف سننے کے بعد الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ مردم شماری کی حتمی رپورٹ یکم مارچ سے قبل شائع کی جائے اس سلسلے میں سیکریٹری آئی پی سی وزیراعظم سے رابطہ کیا جائے۔
چیف الیکشن کمشنرنے کہا کہ کمیشن معاملے پر مارچ کے پہلے ہفتے دوبارہ سماعت کرے گا۔
واضح رہے کہ امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے عدالت عظمیٰ میں کراچی کی مردم شماری کے حوالے سے کراچی کی آبادی کم دکھانے کے خلاف پٹیشن دائر کررکھی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے اپنی درخواست میں استدعا کی ہے کہ کراچی میں کرائی جانے والی مردم شماری کو قانونی تقاضوں کے خلاف، اقوام متحدہ کے طے شدہ معیار کے خلاف قراردیا جائے،وفاقی کابینہ مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلوں کے خلاف فیصلہ نہیں کرسکتی او ر نہ اس کے اختیارات سلب کرسکتی ہے نیز کونسل کے مردم شماری کوحتمی قراردینے سے قبل آڈٹ کے فیصلے کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، جنرل اسٹیٹکس ایکٹ (ریگولیشن) 2011ء کو خلاف قانون قراردیا جائے کیوں کہ یہ اقوام متحدہ کے طے کردہ معیارات کے خلاف ہے نیز یہ کہ یہ کوئی طریقہ کاریا درخواست گزاری کا موقع نہیں فراہم کرتا نہ ہی اس میں کسی ٹریبونل تشکیل دینے کی گنجائش دی گئی ہے۔
Comments are closed.