ہفتہ10؍شوال المکرم 1442ھ 22؍ مئی 2021ء

“او آئی سی اسلام کے صحیح تشخص کو اجاگر کرنے میں کردار ادا کرے”

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) او آئی سی اسلام کے صحیح تشخص کو اجاگر کرنے میں کردار ادا کرے۔

وزیراعظم عمران خان سے اسلامی تعاون تنظیم (ای آئی سی) کے رکن ممالک کے سفیروں نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم نے اسلامو فوبیا کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر پاکستان کی کاوشوں سے آگاہ کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ دنیا میں اسلاموفوبیا پہلے سے بڑھ گیا۔ اسلامو فوبیا کے خاتمے کے لیے اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے۔ اسلاموفوبیا سے بین المذاہب نفرت کو ہوا ملتی ہے۔ پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے کوششیں کررہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ شدت پسندی کو اسلام سے جوڑنے سے عالمی سطح پر مسلمان متاثر ہوتے ہیں۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔

عمران خان نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کی آڑ میں توہین رسالت ﷺ سے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی دل آزاری ہوتی ہے۔ مسلمانوں کی جان بوجھ کر دل آزاری کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں برداشت کے فروغ کے لیے عالمی برادری سے تعاون کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیراعظم نے مطالبہ کیا کہ او آئی سی اس حوالے سے عالمی سطح پر آگاہی پیدا کرنے میں کردار ادا کرے اور اسلام کےصحیح تشخص اور امن کے پیغام کو اجاگر کرے۔

معاملہ اجاگر کرنے پر او آئی سی کے سفیروں نے وزیراعظم عمران خان سے اظہارِ تشکر کیا۔

You might also like

Comments are closed.