لندن: برطانوی کمپنی نے دنیا کا ایک انوکھا لیپ ٹاپ بنایا ہے جس میں ایک نہیں، دو نہیں بلکہ پورے سات عدد ڈسپلے اسکرین ہیں جو انتہائی سنجیدہ کاموں کے لیے استعمال ہوسکتے ہیں۔
اس کمپیوٹر کو ایکسپین اسکیپ آرورا سیون کا نام دیا گیا ہے جسے ایکسپین اسکیپ نامی کمپنی نے تیار کیا ہے۔ اسے سائبرسیکیورٹی، سیکیورٹی کیمروں کی فوٹیج، آئی ٹی ماہرین، ڈیزائنر، اسٹاک ایکسچینج اور آن لائن ٹریڈنگ ماہرین کے لیے بطورِ خاص تیار کیا گیا ہے۔
اگرچہ عموماً ورک اسٹیشن پر ایک یا دو ڈسپلے کافی ہوتے ہیں لیکن عام افراد ایک سے زائد اسکرینوں سے پریشان ہوسکتے ہیں۔ یہ دنیا کا پہلا لیپ ٹاپ ہے جس پر مختلف جسامت کے سات ڈسپلے لگائے گئے ہیں۔ اس طرح اسکین اسکیپ آرورا سیون دنیا کا پہلا سات ڈسپلے والا ورک اسٹیشن بھی ہے۔
لیکن یاد رہے کہ تصویر میں دکھائی دینے والا لیپ ٹاپ حتمی ڈیزائن نہیں بلکہ یہ کسی کے آرڈر پر تیار کیا گیا نمونہ ہے جسے پروٹوٹائپ کا نام دیا گیا ہے۔ پروٹوٹائپ کی خبریں وائرل ہوتے ہی کمپنی کو دھڑا دھڑ آرڈر موصول ہوئے ہیں۔ لیکن اس ضمن میں پہلے کمپنی کو ایک خط لکھ کر معاہدے پر دستخط کرنا ہوں گے کہ آپ سات اسکرین والا لیپ ٹاپ خریدنا چاہتے ہیں۔ اس کے بعد خاصی رقم بطور ایڈوانس دینا ہوگی۔ لیکن ایکسپین اسکیپ نے اب تک اس کی قیمت سےآگاہ نہیں کیا ہے۔
اس میں17.3 انچ کے چار بڑے مانیٹر ہیں جن میں سے دو لینڈ اسکیپ اور دو پورٹریٹ اسٹائل کے ہیں۔ سب کے سب فورکے اسکرین ریزولوشن کے حامل ہیں۔ جبکہ سات سات انچ کے تین ڈسپلے اور لگائے گئے ہیں۔ اس کا مضبوط ڈھانچہ تمام ڈسپلے کو سنبھالتا ہے اور دیکھنے میں یہ لیپ ٹاپ کا ٹرانسفارمر لگتا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس میں انٹیل کو آئی نائن 9900 کے پروسیسر ہے، 64 جی بی ڈی ڈی آر فور 2666 میموری اور ہارڈ ڈسک کی گنجائش دو ٹیرابائٹ ہے۔ لیکن یہ نہ سمجھیں کہ اتنا مہنگا نسخہ گیمنگ کے لیے بنایا گیا ہے بلکہ اس پر سنجیدہ کام کئے جاسکتے ہیں جس کی تفصیل اوپر بیان کی جاچکی ہے۔ اس میں کمپیوٹر اور ڈسپلے کے لیے الگ الگ بیٹریاں لگائی گئی ہیں جو دو گھنٹے تک چلتی رہتی ہیں۔
Comments are closed.