راولپنڈی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان 5 سال پورے کریں گے اور کچھ نہیں ہونے جا رہا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ہر پارٹی چاہتی ہے اسٹیبلشمنٹ اس کے سر پر ہاتھ رکھے، اسٹیبلشمنٹ کا فیصلہ ہے وہ منتخب حکومت کے ساتھ ہوگی۔
شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کے آنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، شیخ ہونے کے باوجود نواز شریف کو اپنی جیب سے ٹکٹ دیتا ہوں، کوئی کہتا ہے وہ آ رہا ہے کوئی کہتا ہے نہیں آ رہے، یہاں سے ہی گئے ہیں اور یہی آنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تین لوگ یہاں ہیں، سیاسی تابوت کو اٹھانے کے چار پائے چاہیے ہوتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن مارچ ضرور کرے لیکن مارچ میں نہیں، اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے، اتحادی جماعتیں ناراض ہوتی ہیں وہ اپوزیشن کے ساتھ تو نہیں، ناراض ہونے کا یہی وقت ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ امید ہے عمران خان پانچویں سال مہنگائی ختم کریں گے، عمران خان کا ایجنڈا مہنگائی کا خاتمہ ہے۔
Comments are closed.