اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ دنیا نے اقدامات نہ کیے تو افغانستان میں انسانوں کا پیدا کردہ بہت بڑا بحران ہوگا۔
افغانستان کی صورت حال پر او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کسی بھی ملک کو افغانستان جیسی مشکلات کا سامنا نہیں رہا، افغان حالات کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان پاکستان نے اٹھایا، افغان آبادی غربت کی لکیرسے نیچے آرہی ہے، افغانستان 4 دہائیوں سے خانہ جنگی کا شکار رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کی بیرونی امداد بند ہوچکی، یہ افغان عوام کی بقا کا معاملہ ہے، افغانستان کی مدد کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے، ہم مہاجرین کے ایک اور سیلاب سے نبردآزما ہونے کے متحمل نہیں ہوسکتے، افغانستان کی صورتحال سنگین ہے، افغان مسئلے پر دنیا کی خاموشی قابل افسوس ہے۔
عمران خان نے کہا کہ افغانستان کی مدد کرنا ہماری مذہبی ذمہ داری ہے، دنیا کو افغان ثقافت کو سمجھنے کی ضرورت ہے، افغانستان میں خواتین اور انسانی حقوق کے معاملات حساسیت سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے عوام ہماری طرف دیکھ رہے ہیں، اسلامو فوبیا بہت اہم مسئلہ ہے، دنیا میں اسلام کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ بہت زیادہ ہے۔
Comments are closed.