لاہور:نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ حکومت بلوچستان کے عوام کو ان کا حق دے تو کسی کو پہاڑوں پر چڑھنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔
”گوادر کو حق دو تحریک“ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ گوادر کے بے مثال عوامی احتجاج نے تاریخ رقم کر دی ہے جو عوام کے لیے بڑا زبردست انقلابی راستہ ہے، اگرچہ وزیراعظم نے بڑی دیر بعد گوادر کے عوام کی آواز پر توجہ دی ہے، لیکن ان معاملات کو سرخ فیتے کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔
نائب امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ گوادر کی عوام کا مولانا ہدایت الرحمن بلوچ پر متفقہ اعتماد کرنا خوش آئند ہے، سی پیک چین کے ساتھ ایک شاندار معاہدہ ہے، لیکن اس کی ترقی کے ثمرات کا پہلا حق بلوچستان بالخصوص گوادر کی عوام کا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہاں کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ ناجائز اور غیر ضروری چیک پوسٹوں پر مرد و خواتین کی تذلیل بند کی جائے، گوادر کے ساحل پر غیر قانونی ٹرالر مافیا سے یہاں کے عوام کو نجات دلائی جائے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ بلوچستان بڑا ہی حساس صوبہ ہے جس کی ایران اور افغانستان سے سرحدیں ملتی ہیں، سمندر کی بڑی اہمیت ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس کی حساسیت کا ادراک کریں اور بلوچستان کے عوام کو ان کے جائز حقوق ان کی دہلیز پر فراہم کریں۔
Comments are closed.