اسلام آباد: حکومت پاکستان نے افغانستان کے لیے خوراک اور ادویات پر مشتمل امدادی سامان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ امدادی سامان سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے افغانستان روانہ کیا جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے افغان عوام کے لیے خوراک اور ادویات سمیت امدادی سامان بھیجنے کا فیصلہ کرلیاہے، امدادی سامان تین سی 130 طیاروں کے ذریعے افغانستان بھجوایا جارہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ فضائی کھیپ کے بعد مزید رسد زمینی راستوں سے بھجوائی جائےگی، پاکستان موجودہ صورتحال میں افغان بھائیوں کی مددجاری رکھےگا جبکہ عالمی برادری ممکنہ انسانی بحران سےبچنےمیں افغان عوام کی مدد کرے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ان حالات میں حکومت پاکستان اپنے افغان بھائیوں کی مدد کرتی رہے گی اور پاکستان کی عالمی برادری سے بھی اپیل ہے کہ افغانستان کے لوگوں کو انسانی بحران سے بچانے کے لیے مدد کریں۔
دوسری جانب گذشتہ روز بھی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ افغانستان میں انسانی بحران کے خاتمے کیلئے کوششیں کرناہوں گی اور عالمی برادری کو مشکل وقت میں افغانستان کا ساتھ دینا ہوگا۔
Comments are closed.