بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سندھ بھرمیں کل سے لاک ڈاؤن ختم، نئی پابندیوں کانوٹیفکیشن جاری

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے بھر میں نافذ لاک ڈاؤن ختم کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے اور کل سے کاروبار کھولنے کی اجازت دے دی ہے جبکہ محکمہ داخلہ سندھ نےنئے  کارروباری اوقات کاربھی مقرر کردیئے  ہیں۔

تفصیلات کے  مطابق سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن ختم کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کرتے ہوئے 31 اگست تک کے لیے نیا حکم نامہ جاری کردیا ہے اور سندھ حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صوبے بھر میں کل سے رات 8 بجے تک کاروبار کرنے کی اجازت ہوگی، تمام بازار، تجارتی مراکز جمعے اور اتوار کو بند رہیں گے۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ریسٹورنٹ میں بیٹھ کر کھانے پر پابندی ہوگی جبکہ ہوٹل اور ریسٹورنٹس میں رات دس بجے تک کھلی فضا میں کھانے کی اجازت ہوگی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق شادیوں پر عائد پابندی ختم کرتے ہوئے کھلے مقام پر رات دس بجے تک تقریب منعقد کرنے کی اجازت ہوگی، مزارات اور سینما گھر مکمل بند رہیں گے، کراٹے،باکسنگ اور کبڈی جیسے کھیلوں کے ایونٹس منعقد کرنے پر پابندی برقرار رہے گی۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ انڈور جم میں صرف ویکسین لگوانے والے افراد کو جانے کی اجازت ہوگی۔ سندھ حکومت نے عوامی ٹرانسپورٹ پر عائد ہونے والی پابندی بھی ختم کردی۔

سندھ حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ریسٹورنٹس اور ہوٹل سے ہفتے میں ساتوں دن چوبیس گھنٹے ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری کی اجازت ہوگی۔

 نوٹی فکیشن میں مزیدکہنا تھا کہ ریسٹورانٹس کو صرف آؤٹ ڈور ڈائننگ کی رات دس بجے تک اجازت ہوگی، جس میں 300افراد شرکت کرسکیں گے جبکہ ان ڈور ڈائنگ پر مکمل پابندی ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق دودھ، ادویات، پیٹرول پمپ ، سبزی گوشت کی دکانوں پر اوقات کار کی پابندی نہیں ہوگی، شادی بیاہ کی انڈور تقریبات پر پابندی ہوگی جبکہ کھلی فضا میں منعقد ہونے والی تقریبات میں ویکسین شدہ افراد ہی شرکت کر سکیں گے۔

سندھ حکومت کے مطابق تمام امیوزمنٹ پارک، واٹر پارک اور سوئمنگ پولز  بند رہیں گے، دفاتر میں 50 فیصد حاضری کی اجازت ہوگی جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ اور ٹرین ایس او پیز کے ساتھ پچاس فیصد مسافروں کے ساتھ آپریشن کی اجازت ہوگی۔

You might also like

Comments are closed.